شناختی کارڈ سے صارفین کا ڈیٹا حاصل کرنے کیلئے ورکنگ شروع
اسلام آباد(نمائندہ دنیا)فیڈرل بورڈ آف ریونیو میں ڈیجیٹلائزیشن پراسس مکمل کرنے کیلئے ٹاسک فورس کے ٹی او آرز پر عملدرآمد کیلئے 4 ورکنگ گروپس کی تشکیل دے دئیے گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق ورکنگ گروپس کے سربراہان میں گوہر احمد خان، غازی اختر، آصف پیر، تانیہ ایدریس شامل ہیں۔
گوہر احمد خان ڈیٹا انٹیگریشن، صوبوں، وزارتوں، ٹیکس اتھارٹی ورکنگ گروپ کے سربراہ مقرر کیے گئے ہیں۔ ایف بی آر کے پاس موجود ڈیٹا کو وزارتوں، صوبوں اور صوبائی ٹیکس اتھارٹیز کیساتھ منسلک کر کے رئیل ٹائم ڈیٹا رسائی اور ٹیکس نیٹ کو بڑھایا جائے گا اور صارفین کا مکمل ڈیٹا شناختی کارڈ نمبر سے حاصل کیا جا سکے گا جس کیلئے ورکنگ گروپ تجاویز پر مبنی رپورٹ ٹاسک فورس کے حوالے کرے گا۔ دوسرا ورکنگ گروپ غازی اختر کی سربراہی میں بنایا گیا جو سپلائی چین آٹومیشن، ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کیلئے ورکنگ کریں گے یہ ورکنگ گروپ ہول سیلرز، ڈسٹری بیوٹرز کو ٹیکس نیٹ میں لانے کیلئے تجاویز بھی فراہم کرے گا، آصف پیر پرال کی ری سٹرکچرنگ کیلئے ورکنگ گروپ کو چیئر کریں گے ، تانیہ ایدریس ٹریڈ ڈیٹا شیئرنگ کیلئے ورکنگ گروپس کی سربراہی کریں گی، ایف بی آر کی ڈیجیٹلائزیشن کیلئے قائم ٹاسک فورس کا پہلا اہم اجلاس ہوا جس کی صدارت وزیرمملکت علی پرویز ملک نے کی اور میجر جنرل سید علی رضا شریک چیئرمین تھے ، اس موقع پر وزیرمملکت برائے خزانہ کا کہنا تھا کہ ترقی کیلئے ایف بی آر کی مکمل ڈیجیٹلائزیشن ناگزیر ہے ، شریک چیئرمین ٹاسک فورس میجر جنرل سید علی رضا نے کہا کہ اصلاحاتی ایجنڈے سے ٹیکس ٹو جی ڈی پی تناسب بڑھے گا، چیئرمین ایف بی آر راشد محمود لنگڑیال کا کہنا تھا کہ ٹاسک فورس اراکین ڈیجیٹلائزیشن کیلئے عملی تجاویز دیں، ڈیجیٹلائزیشن مستقبل کے اہداف حاصل کرنے کیلئے ضروری ہیں، ٹاسک فورس اجلاس میں ایف بی آر کیلئے آٹو میشن، ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم، پرال کی تنظیم نو پر بھی بات چیت ہوئی اور اس بات پر اتفاق ہوا کہ ڈیٹا شیئرنگ کیلئے مضبوط خودکار نظام تیار کرنے کی ضرورت ہے ۔