نوجوان فسادی اور انتشاری قوتوں کے آلہ کارنہ بنیں ،ملک دشمنوں کی ڈیجیٹل دہشتگردی کا سچائی سےمقابلہ کریں گے:چنددنوں میں بجلی سستی :شہباز شریف

نوجوان فسادی اور انتشاری قوتوں کے آلہ کارنہ بنیں ،ملک دشمنوں کی ڈیجیٹل دہشتگردی کا سچائی سےمقابلہ کریں گے:چنددنوں میں بجلی سستی :شہباز شریف

اسلام آباد(نامہ نگار)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا بجلی چند دنوں میں سستی ہوگی،5 سالہ معاشی پروگرام کا جلد اعلان کرونگا،دشمن ہماری جوہری طاقت اور ناقابل تسخیر دفاع سے خائف ہے اور وہ ڈیجیٹل دہشت گردی کے ہتھیار کو استعمال کر کے پاکستان کے نوجوانوں کے ذہنوں پر جھوٹ مسلط کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔

Advertisement
0 seconds of 0 secondsVolume 0%
Press shift question mark to access a list of keyboard shortcuts
00:00
00:00
00:00
 

اس کا سچائی سے مقابلہ کریں گے ،نوجوان فسادی اور انتشاری قوتوں کے آلہ کار نہ بنیں،ہمیں ماضی کو بھول کر مستقبل کے لئے منصوبہ بندی کرنا ہوگی، مہنگائی اور بجلی کی قیمتوں میں کمی اور ملک کی معاشی ترقی کے لئے اپنا خون پسینہ بہا دوں گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم آزادی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، یوم آزادی کے سلسلے میں پرچم کشائی کی مرکزی تقریب قومی یادگارپاکستان مانو منٹ پر منعقد ہوئی ، جس میں وزیراعظم شہباز شریف نے پرچم کشائی کی ،شہباز شریف نے اپنے خطاب میں کہا کہ ارشد ندیم قوم کے ہیرو ہیں، انہوں نے سونے کا تمغہ جیت کر پوری قوم کا سر فخر سے بلند کیا ۔ انہوں نے کہاکہ سب کو یوم آزادی مبارک ہو، اﷲتعالیٰ نے ہم کو آزادی کی نعمت عطا فرمائی، قائداعظم محمد علی جناح کی قیادت میں ہمارے اسلاف نے قربانیاں دے کر یہ ملک حاصل کیا، ان قائدین، غازیوں اور شہدا کو سلام عقیدت پیش کرتا ہوں جنہوں نے وہ کام کر دکھایا جس نے نہ صرف خطے کی تاریخ بلکہ جغرافیہ بھی تبدیل کردیا۔

وزیر اعظم نے کہاکہ پاکستان 14 اگست 1947 ء کو معرض وجود میں آیا، ملک کے بیٹوں نے قوم کو سنوارا، پاکستان کو ایٹمی طاقت بنایا، کوئی دشمن ملک کو میلی آنکھ سے دیکھ نہیں سکے گا، 77 سال سے جدوجہد کی داستان ہے ، پاکستان اسی طرح قائم و دائم رہے گا۔ انہوں نے کہاکہ ہمیں آج فیصلہ کرنا ہوگا کہ قرضوں اور کشکول والی زندگی گزارنی ہے یا قائداعظم محمد علی جناح اور علامہ محمد اقبال کے فرمودات والی زندگی گزارنی ہے جس کے لئے پاکستان معرض وجود میں آیا اور جس کے لئے لاکھوں مائوں ، بہنوں اور نوجوانوں نے اپنے خون کی قربانی دی، ہمیں ان شہیدوں کی توقیر کے لئے اب تک جو کچھ ہوتا رہا اس کو دفن کر کے آگے بڑھنا ہوگا اور محنت اور دیانت پر عمل کرنا ہوگا، امیر اور غریب کا الگ الگ پاکستان نہیں ہونا چاہیے ، 5 سالہ معاشی پروگرام کا جلد اعلان کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنا محاسبہ کرنا ہوگا، صرف شعلہ بیانی نہیں عملی اقدامات سے قوموں کی تقدیر بدلتی ہے ، ہمیں ماضی سے سبق حاصل کر کے منصوبہ بندی کرنا ہوگی۔وزیر اعظم نے کہا کہ ہر پاکستانی قائداعظم کے خوابوں کی تعبیر چاہتا ہے ، کامیابیوں اور ناکامیوں کی طویل فہرست ہے ۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کے جوانوں اور پوری قوم نے قر بانیاں دی ہیں، آج ہمیں اپنی قسمت کو بدلنا ہوگا، غربت کو خوشحالی میں بدلنا ہوگا، ملک کو عظیم بنانا ہوگا۔ بجلی کے بلوں میں کمی کے بغیر ملک کی صنعت و زراعت اور برآمدات میں اضافہ نہیں ہو سکتا حکومت اس پر کام کر رہی ہے اور چند دنوں میں اس کے نتائج آئیں گے ، بجلی کی قیمتوں کے حوالے سے خوشخبری ملے گی اس کے بغیر ملکی معیشت آگے نہیں بڑھ سکتی۔ انہوں نے کہاکہ شبانہ روز محنت سے کامیابی ملتی ہے ، خون کے آخری قطرے تک مہنگائی، بجلی کی قیمتوں میں کمی اور ملک کی معاشی ترقی کے لئے کام کروں گا۔وزیر اعظم نے کہاکہ نوجوان ہمارا روشن مستقبل ہیں، ان کی تعلیم، تربیت، ترقی و ہنرمندی کے سال ہیں، وہ اپنی تعلیم پر توجہ دیں،فسادی اور انتشاری قوتوں کے آلہ کار نہ بنیں۔انہوں نے کہا کہ دشمن پاکستان کی ترقی روکنے کے لئے ہر حربہ استعمال کر رہا ہے ، ہمارا دشمن ہماری جوہری طاقت اور ناقابل تسخیر دفاع سے خائف ہے اور وہ ڈیجیٹل دہشت گردی کے ہتھیار کو استعمال کر کے پاکستان کے نوجوانوں کے ذہنوں پر جھوٹ مسلط کرنے کی کوشش کر رہا ہے ، اس کو سچائی ناکام بنا سکتی ہے ۔

شعور اور آگاہی انتشارنہیں بلکہ ترقی، خوشحالی اور امن لاتی ہے ، دلوں کو جوڑتی ہے ۔وزیر اعظم نے کہا کہ فلسطین پر اسرائیلی مظالم کے باعث یوم آزادی پر ہمارے دل غمگین ہیں، فلسطین میں اسرائیلی قتل عام کی مذمت کرتے ہیں، دنیا کے انصاف پسند ادارے بیدار ہوں اور فلسطین میں خون کو مزید بہنے سے روکنے اور ظالموں کو کٹہرے میں لانے کے لئے اپنا کردار ادا کریں، خون کی پیاسی ریاستیں دنیا کو جہنم بنا دیں گی، ہم اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں فلسطینیوں کو جب تک ان کے حقوق نہیں ملتے ان کے ساتھ کھڑے رہیں گے ۔انہوں نے کہا کہ آج عہد کرتے ہیں کہ ہم سب مل کر دن رات محنت کریں تاکہ آئندہ یوم آزادی پر یہ مسائل نہ ہوں جن کے لئے ہمارے دل افسردہ ہیں، ہمارے متحد ہونے سے ہمیں یقینی کامیابی ملے گی۔تقریب میں چیئرمین سینٹ سید یوسف رضا گیلانی، وفاقی وزرا، ار اکین پارلیمنٹ، پیرس اولمپکس کے گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم، ایران میں عالمی حسن قرآت میں اول آنے والے حافظ ابوبکر سمیت اہم سیاسی و سماجی شخصیات اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اسلام آباد پولیس نے پیرس اولمپکس کے گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کو سلامی دی۔دریں اثنا وزیراعظم شہباز شریف اسلام آباد سے لاہور پہنچ گئے ۔ پارٹی ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف خصوصی طیارے کے ذریعے اسلام آباد سے لاہور پہنچے ،وزیراعظم کو سخت سکیورٹی میں ان کی رہائش گاہ ماڈل ٹائون پہنچا دیا گیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں