پاکستان میں ایم پاکس کا پہلا مشتبہ کیس رپورٹ

 پاکستان میں ایم پاکس کا پہلا مشتبہ کیس رپورٹ

اسلام آباد،لاہور(نیو زرپورٹر،اپنے سٹاف رپورٹر سے ) پاکستان میں ایم پاکس کا پہلا مشتبہ کیس رپورٹ ہوا ہے ۔خیبرپختونخوا سے تعلق رکھنے والا شخص خلیجی ممالک سے آیاہے۔

 وائرس کی تصدیق کے لئے قومی ادارہ صحت کو نمونہ بھیج دیا گیا، ایم پاکس سے متاثرہ شخص میں معمولی علامات ہیں ، متاثرہ شخص کی کانٹیکٹ ٹریسنگ شروع کر دی گئی ہے اور مزید لوگوں کے نمونے حاصل کیے جارہے ہیں، وزارت قومی صحت کے مطابق تمام صوبوں کو منکی پاکس کے حوالے سے فوکل پرسنز مقرر کرنے کی ہدایت کردی گئی ہے ، بارڈر ہیلتھ سروسز کو تمام پوائنٹس آف اینٹری پر سخت نگرانی کی ہدایت بھی کی گئی ہے ۔ محکمہ صحت پنجاب نے صوبہ بھر میں منکی پاکس کے حوالے سے ہائی الرٹ کا مراسلہ جاری کیا ہے ۔ ڈی جی ہیلتھ پنجاب کی جانب سے صوبہ بھر کے تمام ہسپتالوں کو منکی پاکس بارے ایس ا وپیز بنانے کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔محکمہ صحت پنجاب کی جانب سے مراسلہ میں کہا گیا ہے کہ مشتبہ مریضوں کے بروقت نمونے حاصل کر کے تشخیص کے لیے لیبارٹری بھجوائے جائیں اوراگر کہیں کوئی پازیٹو کیس رپورٹ ہو تو اس کی وبائی مرض کی رپورٹ فوری طور پر محکمہ صحت کو فراہم کی جائے ۔ ڈی جی ہیلتھ پنجاب کی جانب سے کہا گیا ہے کہ پنجاب بھر کی ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹیز ایئر پورٹس کی انتظامیہ کے ساتھ رابطے میں رہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں