داتا صاحب ؒ کے عرس کی تقریبات کا آج آخری روز

داتا صاحب ؒ کے عرس کی تقریبات کا آج آخری روز

لاہور (کرائم سیل ، آن لائن)سیدنا حضرت علی ہجویری المعروف داتا گنج بخش رحمتہ اللہ علیہ کے 981 ویں عرس مبارک کے دوسرے روز بھی اندرون اور بیرون ممالک سے زائرین کی بڑی تعداد نے مزار پر حاضری دے کر فاتحہ خوانی کی اور چادریں چڑھائیں۔

عقیدت مند ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالتے ہوئے چادریں چڑھانے کیلئے آ تے رہے ،عرس میں آنے والے زائرین کیلئے لنگر کا بھی خصوصی اہتمام کیا گیا ، زائرین کی دودھ، نان حلیم، گوشت اور چاولوں سے تواضع کی گئی ، دودھ کی روایتی سبیل پر زبردست رش رہا۔عرس کے موقع پر سکیورٹی کے انتہائی سخت  انتظامات کیے گئے ہیں، دربار کی طرف آنے والے راستوں کو کنٹینرز لگا کر عام ٹریفک کے لئے بند رکھا گیا جبکہ ٹریفک کو متبادل راستوں سے گزارا گیا ۔پنجاب حکومت کی جانب سے عرس کے موقع پر آج 26 اگست بروز پیر عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے ،نوٹیفکیشن کے مطابق ضلعی انتظامیہ کے دفاتر، عدالتیں اور تعلیمی ادارے بند رہیں گے ۔دریں اثنا وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے داتاگنج بخشؒ کے مزار پر حاضری دی۔وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے مزار پر چادر پوشی کی اور پھول رکھے ، وفاقی وزیرداخلہ نے داتا دربار کی تزئین و آرائش کے پراجیکٹ کا بھی معائنہ کیا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں