کہوٹہ لسبیلہ:ٹریفک حادثات،4خواتین سمیت38مسافر جاں بحق،39زخمی

کہوٹہ لسبیلہ:ٹریفک حادثات،4خواتین سمیت38مسافر جاں بحق،39زخمی

راولپنڈی ، اسلام آباد، اوتھل (نیوزرپورٹر، خبر نگار، اپنے رپورٹرسے ، مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں) ٹریفک کے المناک حادثات میں راولپنڈی کی تحصیل کہوٹہ اور لسبیلہ کے علاقہ مکران کوسٹل ہائی وے پر کوسٹر اور بس کھائی میں گرنے سے خواتین، بچے سمیت مجموعی طور پر 38مسافر جاں بحق اور 39زخمی ہو گئے۔

 آزادکشمیر جانے والی کوسٹر میں 30افراد سوار تھے جو صبح راولپنڈی سے روانہ ہوئی اور آزاد پتن سے پہلے گراری پل سے نیچے گر گئی جس کے باعث خواتین اور بچے سمیت 26افراد جاں بحق اور 4زخمی ہو گئے جن میں ڈرائیور شامل ہے ، 12میتیں ورثا کے حوالے کر دی گئیں، زائرین کی بس ایران سے واپس آتے ہوئے بزی ٹاپ کے مقام پر حادثے کا شکار ہوئی جس کے نتیجے میں 12مسافر دم توڑ گئے اور 35زخمی ہوئے ، شدید زخمیوں کو کراچی منتقل کیا گیا، زائرین کی اکثریت کا تعلق گوجرانوالہ، لاہور، ملتان، خانیوال اور شیخوپورہ سے ہے ۔ راولپنڈی سے پلندری آزادکشمیر جانیوالی کوسٹر کو حادثہ کہوٹہ کے علاقے میں آزادپتن سے پہلے گراری پل کے قریب پیش آیا۔پولیس کے مطابق کوسٹر تقریباً 7 بجے پیرودھائی بس اڈا راولپنڈی سے پلندری آزاد کشمیر روانہ ہوئی جس میں آزاد کشمیر کی علاقے سدھنوتی اور ملحقہ علاقوں کے افراد سوار تھے ۔ 12افراد کی میتیں شناخت کے بعد ورثاء کے حوالے کر دی گئیں۔ایم ایس ٹی ایچ کیو ہسپتال کہوٹہ نے تصدیق کی کہ ایک شخص کو تشویشناک حالت میں راولپنڈی ریفر کیا گیا۔

حادثہ کی ابتدائی رپورٹ صوبائی حکومت پنجاب کو بھجوا دی گئی جس میں کہا گیا حادثہ تیز رفتاری اور غیر ذمہ دارانہ ڈرائیونگ کے باعث پیش آیا۔ جاں بحق ہونے والوں میں عبید منیر ولد محمد منیر حسین ، علی اصغر ولد محمد صادق ، کرن بی بی دختر محمد اقبال ، کامران ولد میر محمد ، روزی زوجہ عنصر ، محمد بشیر ولد سید محمد ، جواد اسرار ولد محمد اسرار (کنڈکٹر)، گل اعظم ولد مظفر ، صغریٰ زوجہ انضمام ، وہاج ولد انضمام ، عرفان ولد محمد اسماعیل (ڈرائیور)، ظفر محمود ولد گلزار ، وسیم ولد محمد حمید ، محمد حمید ولد محمد اکرم ، جمشید ولد علی اصغر ، نذراں بی بی زوجہ جمشید ، جنید ولد جمشید ، محمد اقسیم ولد منشی خان ، فرید احمد ولد محمد کریم ، محمد الیاس قریشی ولد غلام نبی قریشی ، خالد محمود ولد آغا عبدالرشید ، عمر فاروق ولد خالد محمود ، معین حیدر مغل ولد خالد محمود مغل ، عبدالوہاب ولد عبدالرزاق ، محمد ریاض ولد میرداد ، سمیع اللہ ولد محمد شفیق شامل ہیں۔ ادھر مکران کوسٹل ہائی وے خونی شاہراہ پر بزی ٹاپ کے مقام پر ایران سے پاکستان (پنجاب) آنے والے شیعہ زائرین کی بس تیز رفتاری کے باعث کھائی میں جاگری جس سے 12 افراد جاں بحق اور 35سے زائد زخمی ہوگئے ،جاں بحق افراد کا تعلق مختلف اضلاع گوجرانوالہ،لاہور ملتان، خانیوال، شیخوپورہ سے بتایا جاتا ہے ۔

امدادی کارروائیوں میں زخمیوں اور لاشوں کو ڈی ایچ کیو ہسپتال اوتھل اور دیگر قریبی ہسپتالوں اور مراکز صحت میں لایا گیا۔ بعدازاں شدید زخمیوں کو فوری کراچی منتقل کردیا گیا۔ جاں بحق افراد میں تنویر احمد، شہزاد چوہان ، شکیل احمد منہاس ، سہیل ، قیصر علی ، وقار حسین ، آصف اور دیگر جبکہ زخمیوں میں علی رضا ، کامران یوسف ،عمیر اصغر ، رضا شاہ ، شہر یار ، مکرم ، قاسم ، خاور حسین ، علی نور ، عامر شہزاد و دیگر شامل ہیں۔ زخمیوں کے مطابق حادثہ کے بعد ہر طرف چیخ و پکار تھی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پراظہار افسوس کرتے ہوئے سوگوار خاندانوں سے ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا ہے ۔ صدرریاست آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چودھری اور وزیراعظم چودھری انوارالحق نے کوسٹر حادثے میں جاں بحق افراد کے لواحقین کے ساتھ اظہار تعزیت کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومین کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام اور پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے ۔ چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی اور ڈپٹی چیئرمین سیدال خان نے کہا غمزدہ خاندانوں کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں، انہوں جاں بحق افراد کیلئے مغفرت کی دعا کی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں