دہشتگردی کے بڑھتے واقعات:آئی جی بلوچستان تبدیل، آج کوئٹہ میں ایپکس کمیٹی کا اہم اجلاس:وزیراعظم،آرمی چیف،انٹیلی جنس اداروں کے سربراہ شریک ہونگے

دہشتگردی کے بڑھتے واقعات:آئی جی بلوچستان تبدیل، آج کوئٹہ میں ایپکس کمیٹی کا اہم اجلاس:وزیراعظم،آرمی چیف،انٹیلی جنس اداروں کے سربراہ شریک ہونگے

اسلام آباد (نیوز رپورٹر، سٹاف رپورٹر) دہشت گردی کے بڑھتے واقعات کے باعث وفاقی حکومت نے آئی جی بلوچستان کو تبدیل کر دیا، جبکہ آج جمعرات کو کوئٹہ میں ایپکس کمیٹی کا اہم اجلاس ہو گاجس میں وزیراعظم شہباز شریف ، آرمی چیف جنرل عاصم منیر ، انٹیلی جنس اداروں کے سربراہ شریک ہونگے ۔

تفصیلات کے مطابق اسٹیبلشمنٹ ڈویژن احکامات کے مطابق پاکستان پولیس سروس گریڈ 22 کے افسر و کمانڈنٹ فرنٹیئر کانسٹیبلری معظم جاہ انصاری کو آئی جی بلوچستان تعینات کیا گیا ، سابق آئی جی بلوچستان عبدالخلیق شیخ کو فوری طور پر اسٹیبلشمنٹ ڈویژن رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔ ادھر صدر آصف علی زرداری سے بلوچستان کے نئے تعینات شدہ آئی جی معظم جاہ انصاری  نے ملاقات کی ۔صدر مملکت نے بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کے لیے مؤثر اقدامات لینے کی ضرورت پر زور دیا اور آئی جی بلوچستان کے لیے ذمہ داریوں کی خوش اسلوبی سے انجام دہی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔دوسری طرف وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیرصدارت ایپکس کمیٹی کا اہم اجلاس آج جمعرات کو کوئٹہ میں ہوگا۔اجلاس میں وزیردفاع،وزیرداخلہ، چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر، انٹیلی جینس اداروں کے سربراہان ،وزیراعلیٰ بلوچستان میرسرفراز بگٹی،صوبائی وزرائاوردیگراعلیٰ حکام شرکت کریں گے ۔وزیر اعظم کے زیر صدارت اجلاس میں بلوچستان کی سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا جبکہ صوبے میں امن وامان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کیلئے اہم فیصلے کئے جائیں گے ۔وزیراعظم محمد شہبازشریف گورنر بلوچستان، وزیراعلیٰ ،صوبائی کابینہ ،ارکان پارلیمنٹ اور دیگر وفود سے بھی ملاقاتیں کریں گے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں