ترسیلات زر وصولی پر بینکوں، منی چینجرز کیلئے منافع میں اضافہ،2سکیمیں منظور

ترسیلات زر وصولی پر بینکوں، منی چینجرز کیلئے منافع میں اضافہ،2سکیمیں منظور

اسلام آباد(دنیا نیوز، آئی این پی) ای سی سی نے ترسیلات زر کی دو ترغیبی سکیموں میں ترمیم کی منظوری دے دی،’’ زیادہ ترسیلات زر وصول کریں اور زیادہ مالیاتی فائدہ اٹھائیں ‘‘سکیم منظور کی گئی ہے ، بینکوں اور منی چینجرز کیلئے ترسیلات زر بڑھانے کی سکیموں کی منظوری دی گئی۔

وفاقی وزیر خزانہ و ریونیو محمد اورنگزیب کی زیر صدارت کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ ہوم ریمیٹنس انسنٹیو سکیموں میں نظرثانی کی تجویز کے حوالے سے فنانس ڈویژن کی سمری پر غور کیا گیا۔ اوورسیز پاکستانیوں کیلئے نظرثانی شدہ ترسیلات زر ہوم سکیم منظور کی گئی۔ منی چینجر کو ترسیلات زر بینکوں میں ڈیکلیئر کرنے پر 2 روپے فی ڈالر ملیں گے ، گزشتہ سال کی نسبت ترسیلات زر ٹارگٹ کے مطابق اضافہ پر 3 روپے منافع اور مزید ترسیلات زر ٹارگٹ کے مطابق اضافہ پر 4 روپے منافع ملے گا۔ ایکسچینج کمپنی کو 25 ملین ڈالر یا پانچ فیصد گروتھ پر اضافی منافع ایک ڈالر پر 4 روپے ملیں گے ۔ ترسیلات زر بڑھانے کیلئے ٹیلی گرافک ٹرانسفر سکیم پر مالیاتی فائدہ بڑھا دیا گیا اور ترسیلات زر میں اضافہ کرنے پر منافع بڑھا کر 35 ریال تک کر دیا گیا۔ ترسیلات زر کیلئے سکیم کی منظوری سے ترسیلات میں 10 فیصد گروتھ متوقع ہے ، سکیم کی منظوری سے بینکوں اور منی چینجرز میں ترسیلات مزید بڑھیں گی۔ ماہانہ فکسڈ ترسیلات زر وصول کرنے والوں کیلئے فکسڈ ریٹ منافع ملے گا۔ علاوہ ازیں ای سی سی نے سی پیک کے تحت KKH (تھاکوٹ-رائے کوٹ) کی ری الائنمنٹ پر چین اور پاکستان کے درمیان فریم ورک کے معاہدے کی منظوری دی گئی۔ چکدرہ-چترال روڈ پراجیکٹ (N) کے تحت سیکشن (چکدرہ-تیمرگرہ، 39 کلومیٹر) کیلئے درکار کنسلٹنسی سروسز کیلئے آگے بڑھنے کا اختیار دیا گیا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں