آئی پی پیز کے ساتھ معاہدے فراڈ :حافظ نعیم الرحمن

آئی پی پیز کے ساتھ معاہدے فراڈ :حافظ نعیم الرحمن

گوجرانوالہ(نیوز رپورٹر)امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ عوام کو تعلیم، صحت، روزگاراور امن کی فراہمی کسی جج،جرنیل کی نہیں حکومت کی ذمہ داری ہو تی ہے۔

کراچی میں ا سٹبلیشمنٹ نے میئر کراچی کی نشست پر قبضہ کروایا ،ملک پر فارم 47والوں کو مسلط کیا گیا ہے ، جماعت اسلامی خدمت کرنیوالی اورلوگوں کو توڑنے نہیں جوڑنے والی جماعت ہے ۔ اکتوبر میں دس لاکھ بچوں اور بچیوں کو فری آئی ٹی کورس کروائیں گے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گوجرانوالہ میں ضلعی ورکر کنونشن سے خطا ب کر تے ہو ئے کیا اس موقع پر صو با ئی امیر وسطی پنجاب محمد جا وید قصوری ،ضلعی امیر مظہر اقبال رندھاوا، مرکزی سوشل میڈیا ٹیم کے شمس الدین امجد،ضلعی نا ئب امیر ،علی رضا حسنی ،حا فظ نعیم فہیم نے بھی خطاب کیا۔ حافظ نعیم نے کہا کہ 6 ستمبر یوم دفاع پاکستان ہے اور جماعت اسلامی وہ جماعت جس نے نظریہ پاکستان کے دفاع کے لیے جانوں کی قربانیاں دی ہیں ،پاکستان میں اسلامی حکومت کا نظام نہ ہو نے کی وجہ سے حکومت میں چند لوگوں کی بالا دستی قائم ہے۔

عدل وانصاف کے نظام میں عوام کو دھکے ہی ملتے ہیں پارٹیوں کے نام اور لیڈر بدل جاتے ہیں لیکن قبضہ انہی خاندانوں کا ہے ، سندھ حکومت نے 200 کروڑ روپے اسسٹنٹ کمشنرز کی گاڑیوں کے لیے مختص کر دیا ہے ،سندھ میں خزانہ خالی پڑا ہے اور یہ لوگ عیاشیاں کر رہے ہیں، آئی پی پیز کے ساتھ جو معاہدے ہیں وہ فراڈ ہیں ،یونیورسٹی اور کالجوں میں منشیات کے اڈے بنے ہوئے ہیں اگر یہ لوگ منشیات کی سرپرستی نہ کریں تو منشیات نہیں فروخت ہو سکتی، ان کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ،ہائیکورٹ اور دیگر عدالتوں میں ہزاروں مقدمات التوا کا شکار ہیں ججز کے فیصلے ان کے نہیں ہوتے لالچ اوردبا ئو کے نتیجے میں فیصلے بدل جاتے ہیں ، انہوں نے کہا کہ حکومت کو بجلی کے بل کم کرنے پڑیں گے ، عوام کے ساتھ مل کر مافیا کا مقابلہ کریں گے ، بجلی کی قیمت میں اضافہ سے صنعت نہیں چل سکتی ۔اس موقع پر بڑی تعداد میں شہریوں نے ممبر شپ کوڈ سکین کرکے جماعت کی ممبر شپ حاصل کی ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں