یوم دفاع :ملک بھر میں تقریبات، ریلیاں ، شہدا کو خراج عقیدت
اسلام آباد، لاہور ، قصور،بورے والا،گگو منڈی (نامہ نگار ، وقائع نگار ، نیوز رپورٹر سے ،نمائندگا ن ،اے پی پی)ملک بھر میں یوم دفاع پا کستان بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا، ملک بھر میں تقریبات، ریلیاں، شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا گیا ۔
6 ستمبر 1965وہ عظیم دن ہے جب افواج پاکستان نے ناصرف بھارت کے دانت کٹھے کئے بلکہ پاک دھرتی پر قبضے کا بھارتی خواب بھی چکنا چور کردیا ۔ دن کا آغاز مساجد میں ملکی سلامتی ،ترقی و استحکام کی دعائوں اور وفاقی دارالحکومت میں31اور صوبائی دارالحکومت میں21توپوں کی سلامی سے ہوا ،کراچی میں مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب ہوئی ،لاہور میں مصور پاکستان ، شاعر مشرق علامہ محمد اقبال کے مزار پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریب ہوئی ۔تقریب میں کورکمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل عامر رضا مہمان خصوصی شریک ہوئے ،ڈی جی رینجرز پنجاب نے کور کمانڈر لاہور کا مزارِ اقبال پہنچنے پر استقبال کیا ،کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل سید عامر رضا نے مزارِ اقبال پر پھولوں کی چادر چڑھائی فاتحہ خوانی کی اور ملکی سلامتی و خوشحالی کیلئے دعا بھی کی ۔
مزار قائد پر ائیر فورس کے کیڈٹس نے گارڈز کے فرائض سنبھالے ،مہمان خصوصی ا یئر وائس مارشل شہریار تھے ،گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے بابائے قوم قائدا عظم محمد علی جناح ؒ کے مزار پر حاضری دی ، لاہور میں 1965 کی جنگ کی باٹا پور یادگار پر سلامی دی گئی ،لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) خالد نواز نے تقریب میں خصوصی شرکت کی ، قصور مصطفی آباد میں دفن 55شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے تقریبات کا انعقاد کیاگیا، بورے والا کے علاقے طفیل آ باد میں میجر محمد طفیل شہید ( نشان حیدر ) کے مزار پر پر وقار تقریب منعقد ہو ئی ، وزیراعلٰی علی امین گنڈا پور نے شیر خان شہید کی قبر پر حاضری دی ، وزیر اعلیٰ بلو چستان نے بھی یار گار شہدا پرحاضری دی اور انکے درجات کی بلندی کیلئے دعاکی ، سکھر میں 300 فٹ بلند قومی پرچم لہرایا گیا ، تھر پارکر میں اونٹوں پر یوم دفاع کی ریلی نکالی گئی ، آزاد کشمیر ، خیبر پختونخوا کے تمام چھوٹے بڑے شہروں ، لاہور،سرگودھا، کمالیہ، شمالی وزیر ستان دیگر شہروں میں تقریبات کا انعقاد کر کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔