پولیس اور پی ٹی آئی کارکنوں میں تصاد م افسوسناک:تھنک ٹینک

پولیس اور پی ٹی آئی کارکنوں میں تصاد م افسوسناک:تھنک ٹینک

لاہور (دنیا نیوز )تجزیہ کار ڈاکٹر حسن عسکری کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں جو کچھ ہوا ہے ، وہ بہت افسوسناک ہے ،اس سے جمہوری نقصان ہوا، یہ نقصان عملی طور پر سیاست اور سیاستدانوں کو ہوگا، سویلین عناصر ایک دوسرے سے لڑ کرزخمی ہو کر سڑک کے کنارے گر جائیں گے ،اس کا فائدہ کسی اور کو ہوجائے گا۔

دنیا نیوز کے پروگرام ’’تھنک ٹینک‘‘میں گفتگو کرتے ہوئے حسن عسکری کا کہنا تھا کہ سوال یہ ہے کہ 7 بجے تک جلسہ کرنے کی اجازت دی تو اسلام آباد کو کیوں سیل کیا گیا؟، جہاں زیادہ لوگ ہوں وہاں انتظامیہ کو شیلنگ نہیں کرنی چاہئے ۔ دنیا نیوز کے گروپ ایگزیکٹو ایڈیٹر سلمان غنی کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں پولیس اور پی ٹی آئی کارکنوں کے درمیان جو تصادم ہوا ، وہ افسوسناک ہے ، اس کی ذمہ داری فریقین پر آتی ہے ، اگر پی ٹی آئی قانون کی خلاف ورزی نہ کرتی تو یہ جلسہ سیاسی لحاظ سے پی ٹی آئی کیلئے اچھا ہوتا،معاملات آگے کی طرف چلتے ،اب پھر سے ڈیڈلاک قائم ہو گیا ہے ۔تجزیہ کار ڈاکٹر رسول بخش رئیس کاکہنا تھا کہ میر ا خیا ل ہے کہ حکومت نے پہلے سے فیصلہ کرلیا تھاکہ پی ٹی آئی کو جلسہ نہیں کرنے دینگے ، اسلام آباد کے تمام راستے رکاوٹیں لگا کر بند کردیئے گئے ، روکنے پر کارکنوں کی پولیس کے ساتھ جھڑپیں ہوئیں ۔ تجزیہ کار رشید صافی کا کہنا تھا کہ دونوں فریقین غلط طریقے سے با ت کو آگے بڑھا رہے ہیں اورمیڈیا غلط فہمیاں پھیلا رہا ہے ، 26 نمبر چونگی پر پولیس اور پی ٹی آئی کارکنوں کے درمیان تصادم ہوا ،یہ چونگی اسلام آباد میں ہے ،جلسہ کے مقام پر امن رہا،پی ٹی آئی کے لوگ جو تعداد بتارہے ہیں وہ ان کے بیان کی نفی کررہی ہے ، عوا م کی تعداد کم تھی،کے پی سے ہی لوگ کم آئے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں