اڈیالہ جیل کا گھیراؤ ہونے سے پہلے عمران کو رہاکردیں:اچکزئی

اڈیالہ جیل کا گھیراؤ ہونے سے پہلے عمران کو رہاکردیں:اچکزئی

اسلام آباد (آئی این پی)تحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ رکن قومی اسمبلی محمود خان اچکزئی نے کہا ہے کہ علی امین گنڈاپور اور عوام نے حکومت کو الٹی میٹم دے دیا ہے۔۔۔

 تمام مقدمات میں عمران باعزت طور پر بری ہو چکے ہیں،حکومت اور اسٹیبلشمنٹ کو چاہیے کہ وہ اب عمران خان کو باعزت طور پر رہا کر دیں،اس سے پہلے کہ اڈیالہ جیل کا گھیراؤ ہو عمران خان کو رہا کر دیا جائے ، اس ملک کے اندر ہم تصادم نہیں چاہتے لیکن اگر یہ شروع ہو گیا تو پھر اسے روکنا کسی کے بس میں نہیں ہوگا۔ پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کی اقتصادی اور معاشی حالت اتنی اچھی نہیں کہ بنگلہ دیش کی طرح کسی تحریک کا جھٹکا برداشت کر سکے ،عوام کا درجہ حرارت 99ڈگری سے اوپر چلا گیا ہے ،عوام جلسے میں صرف ایک ہی بات کر رہے تھے کہ عمران خان کو پی ٹی آئی کی لیڈرشپ نے ابھی تک رہا کیوں نہیں کرایا۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے ارکان اسمبلی سے عوام پوچھتے ہیں کہ عمران خان کو رہا کرانے کیلئے ہم نے آپ کو ووٹ دیا تھا لیکن اس کے باوجود ابھی تک آپ نے عمران خان کو رہا کیوں نہیں کرایا۔انہوں نے کہا کہ عوام اگر اپنی مدد آپ کے تحت باہر نکل آئے تو پھر وہ اڈیالہ جیل سے عمران کو رہا کرا لیں گے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں