سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ :بجلی 1.74روپے یونٹ مہنگی،ستمبر تا نومبر وصولی

سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ :بجلی 1.74روپے یونٹ مہنگی،ستمبر تا نومبر وصولی

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا)نے کراچی سمیت ملک بھر کے صارفین کے لیے بجلی مزید ایک روپے 74 پیسے یونٹ مہنگی کر دی ۔ نیپرا نے سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کے تحت کراچی سمیت ملک بھر کے لیے بجلی مہنگی کرنے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ۔

نیپرا کی جانب سے جاری کیے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق ملک بھر کے صارفین کے لیے بجلی اپریل تا جون 2024 کی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں مہنگی کی گئی ہے ۔نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ صارفین سے بجلی کی قیمت میں اضافے کی وصولی ستمبر تا نومبر 2024 کے 3 ماہ میں کی جائے گی ۔صارفین پر 43 ارب 23 کروڑ روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا۔ واضح رہے کہ تین روز قبل تقسیم کار کمپنیوں کو 43.23 ارب روپے کی فراہمی کے لیے نیپرا نے ملک بھر میں 3 ماہ کے لیے ستمبر سے نومبر تک کے لیے بجلی کے نرخوں میں تقریبا ًایک روپے 74 پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری دی تھی۔ نیپرا نے مالی سال 24-2023 کی چوتھی سہ ماہی کے لیے کپیسٹی چارجز میں تبدیلی، متغیر آپریشن اور مینٹی ننس، اضافی فروخت پر اضافی وصولی، سسٹم کے استعمال کے چارجز، مارکیٹ آپریٹر فیس اور ترسیل و تقسیم کے نقصانات پر فیول ایڈجسٹمنٹ چارجز کے اثرات کی بنیاد پر 4323 ارب روپے کی مثبت ایڈجسٹمنٹ کا تعین کیا ہے ۔ نیپرا کاکہنا ہے کہ مالی سال 24-2023 کی چوتھی سہ ماہی کے لیے 4323 ارب روپے کی مثبت سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا ہے ، جو تین ماہ یعنی ستمبر سے نومبر 2024 کے دوران تقریبا ًایک روپے 74 پیسے فی کلو واٹ گھنٹہ کے یکساں نرخ پر لاگو ہوگی، یہ اضافہ لائف لائن اور پری پیڈ صارفین کے علاوہ تمام صارفین پر لاگو ہوگا۔یہ ٹیرف ایڈجسٹمنٹ کے الیکٹرک کے صارفین پر بھی لاگو ہوگا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں