میجر عزیز بھٹی کے یوم شہادت پر سروسز چیفس اور پاک فوج کا خراج عقیدت
لاہور: (دنیا نیوز) 1965ء کی جنگ کے ہیرو میجر عزیز بھٹی شہید کے 59 ویں یوم شہادت پر چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی، سروسز چیفس اور پاک فوج نے شہید کو بھرپور خراج عقیدت پیش کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق میجر عزیز بھٹی کی فرض شناسی، غیر متزلزل عزم اور عظیم قربانی کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ پاکستان کی مسلح افواج میجر عزیز بھٹی کی یاد کو سلام پیش کرتی ہیں اور ان کی وراثت کو خراج تحسین پیش کرتی ہیں۔
یاد رہے کہ بھارت نے لاہور پر حملہ کیا تو بی آر بی نہر کے قریب میجر عزیز بھٹی شہید کی دشمنوں سے مڈھ بھیڑ ہوئی، لاہور کا دفاع کرتے ہوئے پاک فوج کے جری سپوت میجر عزیز بھٹی نے جام شہادت نوش کیا، شجاعت و بہادری کی لازوال داستان رقم کرنے پر میجر عزیز بھٹی شہید کو ملک کے سب سے بڑے فوجی اعزاز نشان حیدر سے نوازا گیا۔