غداروں، ضمیر فروشوں کیلئے ایم کیو ایم میں اب کوئی جگہ نہیں: خالد مقبول صدیقی

کراچی: (دنیا نیوز) وفاقی وزیرِ تعلیم و چیئرمین ایم کیو ایم ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ غداری اور ضمیر فروشی کرنے والوں کیلئے پارٹی میں اب کوئی جگہ نہیں۔

بہادر آباد میں ٹاؤن و یوسی کے ذمّہ داران کی تربیتی نشست سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین ایم کیو ایم ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ ایم کیو ایم کسی کی ذاتی جاگیر نہیں بلکہ یہ مخلص کارکنان کے خون سے سینچی ہوئی امانت ہے، اب تنظیم میں فیصلے کسی ایک شخص کی مرضی سے نہیں بلکہ کارکنان کی مرضی اور "اجتماعی مشاورت" سے کیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اجتماعی قیادت ہی تحریک کی اصل طاقت ہے، جس طرح سرِعام ٹکٹوں کی خرید و فروخت کی گئی وہ تحریک کے نظریاتی وجود پر حملہ تھا، تنظیم کو ایسی سرگرمیوں کا علم ہو چکا تھا، ایم کیو ایم کو اب کسی "ایکسپرٹ" کی ضرورت نہیں بلکہ ہمیں ایسے نظریاتی ماہرین درکار ہیں جو تحریک کو فکری بلندی عطا کر سکیں۔

چیئرمین ایم کیو ایم کا کہنا تھا کہ کارکنان یاد رکھیں کہ ایم کیو ایم کی دعوتِ شمولیت دراصل اپنے آرام، گھر بار اور ذاتی مفادات کے "نقصان کا سودا" قبول کرنا ہے، جو کارکن قوم کی خاطر اس ذاتی نقصان کو بخوشی قبول کر لیتا ہے وہی اصل حق پرست ہے، ہم کسی پر زبردستی کے قائل نہیں بلکہ مخلصانہ جدوجہد پر یقین رکھتے ہیں۔

ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کا مزید کہنا تھا کہ تحریک اب اپنی صفوں کو ہر قسم کے مفاد پرستوں سے پاک کر رہی ہے، کارکنان کسی بھی افواہ یا پروپیگنڈے کا شکار ہونے کی بجائے توانائیاں تحریک کے نظریاتی استحکام اور تنظیم کیلئے صرف کریں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں