کابینہ کمیٹی رائٹ سائزنگ کی سفارشات ،7ہزار خالی اسامیاں ختم
اسلام آباد (نیوز رپورٹر) وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی وزارتوں،ڈویژنوں ، محکموں ،کارپوریشز میں 17 تا22 گریڈ کی 7ہزار خالی اسامیاں ختم کرنے کی ہدایت کر دی۔۔۔
وزیراعظم نے کابینہ کمیٹی رائٹ سائزنگ کی سفارشات پر 60 فیصد خالی اسامیاں ختم کرنے کی منظوری دی ہے ۔ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے مطابق 17 تا22گریڈکی منظور شدہ اسامیوں کی تعداد 39ہزار 36ہے ، ان میں سے 12ہزار 25 اسامیاں خالی ہیں۔ گریڈ22 کی منظور شدہ اسامیوں کی تعداد115 ہے ، 91افسر کام کررہے اور 24 اسامیاں خالی ہیں، گریڈ21کی منظور شد ہ اسامیوں کی تعداد 564 ہے ، 394افسر کام کررہے اور 170 اسامیاں خالی ہیں۔ گریڈ20 کی منظورشدہ اسامیوں کی تعداد 1339 ہے ، 1125 افسر کام کررہے اور 214 اسامیاں خالی ہیں۔ گریڈ19 کی 3896 اسامیاں ہیں، 3035 افسر کام کررہے اور 861اسامیاں خالی ہیں۔ گریڈ18 کی منظور شدہ اسامیوں کی تعداد 10418ہے ، 920افسر کام کررہے اور 2498 اسامیاں خالی ہیں۔ گریڈ17 کی منظور شدہ اسامیوں کی تعداد 22ہزار704ہے ، 14446افسر کام کررہے اور 8ہزار258اسامیاں خالی ہیں۔ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے احکامات کے مطابق وفاقی سیکرٹریز ، ڈویژنز، محکموں، خودمختار ،نیم خود مختار کارپوریشنز کے سربراہ اور پرنسپل اکاؤنٹنگ افسران 17تا22گریڈ کی خالی اسامیوں کی مکمل تفصیل اور 60فیصد خالی اسامیاں ختم کرنے کے احکامات کی رپورٹ بھجوائیں۔