وزیراعلیٰ پنجاب نے وزرا کی کارکردگی رپورٹ طلب کرلی
لاہور(اپنے نامہ نگارسے )وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بیوروکریسی کے بعد اب صوبائی وزرا کی کارکردگی کی رپورٹ بھی طلب کرلی۔ تمام صوبائی وزرا کی 6 ماہ کی کارکردگی رپورٹ طلب کی گئی ہے ۔
ذرائع کے مطابق رپورٹ میں جائزہ لیا جائے گا وزرا نے دیئے گئے سپیشل ٹاسک کتنے پورے کئے ؟۔ الاٹ کئے گئے ڈویژن و اضلاع میں پرفارمنس کیا رہی؟۔ محکموں میں بہتری لانے کے لئے کیا اقدامات اٹھائے ؟۔ جاری پراجیکٹس اور نئے اقدامات سے متعلق کیا پلاننگ رہی؟۔ اجلاسوں میں دی جانیوالی ہدایت پر کتنا عمل کیا؟۔ان سب باتوں کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔دریں اثنا وزیراعلیٰ کو سیف سٹی ورچوئل سنٹر فار چائلڈ سیفٹی کی 2 ماہ کی رپورٹ پیش کردی گئی۔ رپورٹ کے مطابق 10ہزار 398 سے زائد بچوں سے متعلقہ کیسز رپورٹ ہوئے جن میں سے 8 ہزار 406 سے زائد کیسز کو حل کر لیا گیا ، 202 زیر تفتیش ہیں۔ 3 ہزار 864 گمشدہ بچے بحفاظت ورثا کے سپرد کئے گئے ۔رپورٹ کے مطابق جنسی زیادتی کی 740 اور اغوا کی 441 ایف آئی آرز درج کی گئیں ۔ زیادتی کے 62 ملزموں کو گرفتار کروایا گیا۔