جلاؤ گھیراؤ :فوادچودھری کی ضمانت میں توسیع ،یاسرگیلانی بری
لاہور(کورٹ رپورٹر)انسداد دہشت گردی کی عدالت نے سابق وفاقی وزیر فوادچودھری کی 9مئی کے جلاؤ گھیراؤ کے 5مقدمات میں حاضری معافی کی درخواست منظور کرتے ہوئے عبوری ضمانت میں 28اکتوبر تک توسیع کردی جبکہ یاسر گیلانی کو جناح ہاؤس حملہ کیس سے ڈسچارج کردیا ۔
تفصیلات کے مطابق انسداد دہشت گردی عدالت کے ڈیوٹی جج ارشد جاوید نے فواد چودھری کیخلاف 9 مئی کو راحت بیکرز ،شیرپاؤ پل پر جلاؤ گھیراؤسمیت 5 مقدمات کی سماعت کی اور حاضری معافی کی درخواست منظور کرتے ہوئے عبوری ضمانت میں 28اکتوبر تک توسیع کردی ۔جناح ہاؤس حملہ کیس میں پی ٹی آئی رہنما یاسر گیلانی کو پولیس نے چار روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پرعدالت میں پیش کیا ۔تفتیشی افسر نے کہاکہ تفتیش مکمل ہو گئی ، ملزم کو جیل بھجوا دیاجائے ۔ملزم کے وکیل کاکہناتھاکہ پولیس ہائیکورٹ میں بتا چکی ہے یاسر گیلانی کیخلاف کوئی مقدمہ نہیں ۔انسداد دہشت گردی عدالت کے جج عرفان حیدر نے دلائل سننے کے بعد یاسر گیلانی کو جناح ہاؤس حملہ کیس سے ڈسچارج کر دیا۔