ڈاکٹر شاہ نواز کیس :نامزد سب انسپکٹر،3اہلکارپنجاب سے گرفتار
میرپور خاص (بیورو رپورٹ) ڈاکٹر شاہ نواز کنبھر کے جعلی پولیس مقابلے میں قتل کے مقدمے میں نامزد ایک سب انسپکٹر اور 3 پولیس اہلکاروں کو پنجاب سے گرفتار کر لیا گیا۔۔۔
جبکہ مقدمے میں نامزد پیر عمر جان سرہندی کی انسداد دہشت گردی سے 5 روز کی ضمانت منظور ہوگئی۔ تفصیلات کے مطابق ڈاکٹر شاہنواز کنبھر کے جعلی پولیس مقابلے میں قتل کے مقدمے میں نامزد سی آئی اے انسپکٹر ہدایت اللہ ناریجو، پولیس اہلکار قادر، فرمان اور نادر کو پولیس نے پنجاب کے ضلع قصور کے قریب سے گھوٹکی پولیس نے گرفتار کر لیا۔ ذرائع کے مطابق قتل کیس میں گرفتار پولیس اہلکاروں کو میرپورخاص پولیس اپنی تحویل میں لینے کے لئے گھوٹکی روانہ ہو گئی ہے ۔ دوسری جانب ڈاکٹر شاہ نواز قتل کیس میں نامزد پیر عمر جان سرہندی اپنے وکلا کے ہمراہ میرپورخاص کی انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش ہوئے ۔ عدالت نے ان کی 5 روز کی ضمانت منظور کرلی ۔ واضح رہے کہ پیر عمر جان سرہندی سندھ ہائیکورٹ سے دس روزہ حفاظتی ضمانت پر تھے ۔ ڈاکٹر شاہ نواز کنبھر کی لاش جلانے کے مقدمے میں 18 ملزم ریمانڈ پر ہیں۔