علیمہ اور عظمیٰ خان کے جسمانی ریمانڈ میں مزید دو روز کی توسیع

علیمہ اور عظمیٰ خان کے جسمانی ریمانڈ میں مزید دو روز کی توسیع

اسلام آباد(اپنے نامہ نگارسے ) انسداد دہشتگردی عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین کی عدالت نے تھانہ کوہسار کے مقدمہ میں گرفتار بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہنوں علیمہ خان اور عظمیٰ خان کے جسمانی ریمانڈ میں مزید دو روز کی توسیع کردی۔

گزشتہ روز سماعت کے دوران دوروزہ جسمانی ریمانڈ ختم ہونے پر پولیس نے علیمہ اور عظمیٰ کو عدالت پیش کرتے ہوئے مزید 15 روزہ ریمانڈ کی استدعا کی ،جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے استفسار کیاکہ کیوں ریمانڈ چاہیے ؟ کیا ثبوت اکٹھے ہوئے ؟ جس پر پراسیکیوٹر راجہ نوید نے عدالت کو بتایاکہ علیمہ خان، عظمیٰ خان نے دیگر کارکنوں کو میگافون پر اشتعال دلایا،علیمہ خان، عظمیٰ خان نے کارکنان کے ہمراہ پولیس اہلکاروں پر پتھراؤ کیا، بیرسٹر سلمان صفدر نے جج سے کہاکہ سزا تو ہو رہی ہے لیکن اڈیالہ جیل میں آپ کو مس کرتے ہیں،پراسیکیوٹر نے کہاکہ بارودی مواد فراہم کیا گیا سپریم کورٹ اور پارلیمنٹ پر حملہ کرنا تھا تحقیقات کے لیے ریمانڈ چاہیے ، اس استدعا پر کمرہ عدالت میں قہقہہ لگ گیا،علیمہ خان نے کہاکہ آپ اگر دس دن کا بھی ریمانڈ دیں موبائل نہیں کھولوں گی۔ دریں اثنا عدالت نے سپریم کورٹ کے باہر احتجاج پر تھانہ کوہسار میں درج مقدمہ میں پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ کی عبوری ضمانت منظور کرتے ہوئے پولیس کو گرفتاری سے روک دیا۔ایک کیس کی سماعت کرتے ہوئے جج نے گرفتارپی ٹی آئی رہنما اعظم سواتی کے مزید جسمانی ریمانڈ کی پولیس استدعامستردکرتے ہوئے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوانے کا حکم سنادیا ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں