دکی میں کوئلہ کانوں پر مسلح افراد کا حملہ، 19 مزدور جاں بحق، 7 زخی

دکی: (دنیا نیوز) دکی میں کوئلے کی کانوں پر نامعلوم مسلح افراد نے حملہ کیا جس کے نتیجے میں 19 مزدور جاں بحق جبکہ 7 زخمی ہوگئے۔

بلوچستان کے علاقہ دکی کی ضلعی انتظامیہ کے مطابق حملے کے نتیجے میں 19  مزدور جاں بحق جبکہ 7 زخمی ہونے کے ساتھ ساتھ حملہ آوروں نے 10 کوئلہ کانوں کے انجن بھی آگ لگا کر نذر آتش کر دیئے۔

ڈسٹرکٹ چیئرمین دکی حاجی خیر اللہ ناصر نے کہا کہ حملے میں ہینڈ گرنیڈ اور راکٹ لانچر سمیت دیگر بڑے ہتھیار استعمال کئے گئے۔

حملے کی اطلاع پر پولیس، ایف سی اور امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں، پولیس نے بتایا کہ کوئلے کی کانوں پر حملے میں اموات کی تعداد بڑھنے کا خدشہ ہے اس وقت تمام زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا چا چکا ہے۔

ایس ایچ او دکی ہمایوں خان ناصر کا کہنا ہے کہ مسلح افراد نے مزدوروں کو ٹولیوں کی شکل میں یکجا کرکے فائرنگ کی۔

ہسپتال انتظامیہ کے مطابق جاں بحق کان کانوں کا تعلق پشین، کچلاک، ژوب سمیت مختلف علاقوں سے ہے، متعدد زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں