ایس سی او :ٹریفک ، سکیورٹی پلان تشکیل ، 9ہزار سے زائد اہلکار تعینات

 ایس سی او :ٹریفک ، سکیورٹی پلان تشکیل ، 9ہزار سے زائد اہلکار تعینات

اسلام آباد (خصوصی رپورٹر ، دنیا نیوز )شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس میں شہر اقتدار کی سکیورٹی یقینی بنانے کے لئے جامع پلان تشکیل دے دیا گیا۔

آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے کہا کہ تمام و ینیوز ،ایئر پورٹس ،نور خان ایئر بیس سمیت روٹس اور ہوٹلز ، وفود کی رہائش گاہوں پر سکیورٹی ڈیوٹیز کو حتمی شکل دے دی گئی ، اسلام آباد میں سرچ اور انفارمیشن بیسڈ آپریشنز کا سلسلہ بھی جاری ہے ، آئی جی کا کہنا تھا کہ تمام غیر ملکی سربراہان ،وفود اور غیر ملکی مہمانوں کی بھرپور سکیورٹی کو یقینی بنایا گیا ہے ،پولیس کے ساتھ وزارت خارجہ ،ضلعی انتظامیہ ، آرمی ،رینجرز ،ایف سی ،دیگر صوبائی پولیس ،انٹیلی جنس ایجنسیاں ،ٹریفک پولیس اور سپیشل برانچ کے افسر و جوان بھرپور سکیورٹی انتظامات کو یقینی بنانے کے لئے فرائض انجام دے رہے ہیں ،9ہزار سے زائد افسران و جوان ڈیوٹی دینگے ،کانفرنس کی کامیابی کیلئے عوام کے تعاون کی ضرورت ہے۔

آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ ٹریفک کا مربوط اور جامع پلان تشکیل دیا گیا تاکہ شہریوں کو کم سے مشکلات کا سامنا ہو اس دوران ملپور سے ڈھوکری چوک، کشمیر چوک اور سرینا ہوٹل تک سڑک بند رہے گی،راول ڈیم چوک سے کشمیر چوک، سرینا ہوٹل تک مری روڈ بھی بند رہے گی ،ملپور سے سری نگر ہائی وے کے ذریعے آبپارہ تک روٹ بھی بند ہوگا، مری اور بہارہ کہو سے راولپنڈی آنے والے کورنگ روڈ، بنی گالہ، پارک روڈ، راول ڈیم چوک کے ذریعے فیض آباد آسکیں گے ،فیض آباد سے مری اور بہارہ کہو جانے والے پارک روڈ، کورنگ روڈ اور بنی گالہ کا روٹ استعمال کرسکیں گے ،راولپنڈی سے اسلام آباد آنے والے نائنتھ ایونیو استعمال کرسکیں گے ،ایکسپریس وے فیصل ایونیو سے زیرو پوائنٹ اور کورال چوک تک بند رہے گی،شہری ایکسپریس وے سے متصل سروس روڈ آمدورفت کیلئے استعمال کرسکیں گے ،آئی جی پی روڈ پر فیض آباد کی طرف جانے والی ٹریفک سٹیڈیم روڈ یا نائنتھ ایونیو پر ڈائیورٹ ہوگی ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں