کالج میں مبینہ واقعہ ، سوشل میڈیا پر خبر کی تصدیق نہ ہوسکی
لاہور (سٹاف رپورٹر )پنجاب کالجز کے ایک کیمپس میں مبینہ واقعہ کے حوالے سے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی حالیہ خبر کی تصدیق نہ ہو سکی۔
اس ضمن میں ڈی آئی جی آپریشنز لاہور فیصل کامران نے ایک پریس کانفرنس میں بتایاکہ اس مبینہ واقعے کے کوئی شواہد نہیں ملے، سوشل میڈیا پر پروپیگنڈا کیا گیا۔ جس کے بعد طلبہ نے احتجاج کیا۔ جب کوئی مدعی ہی سامنے نہیں آیا تو کیسے مقدمہ درج کریں؟ جب تک تصدیق نہیں ہوتی طلبہ پرسکون رہیں اور غیر تصدیق شدہ معلومات پر نہ جائیں۔ انھوں نے کہا کہ کسی کے پاس مصدقہ اطلاع ہے تو دیں ہم فوری کارروائی کریں گے ، مصدقہ معلومات ملیں گی تو اپنی مدعیت میں پرچہ دوں گا۔ صوبائی وزیر اطلاعات اور پنجاب حکومت کی ترجمان عظمٰی بخاری نے بھی کہا ہے کہ نجی کالج واقعہ کے حوالے سے ابھی تک کسی بچی کی جانب سے پولیس کو رپورٹ نہیں کیا گیا۔ آج بھی ایک بچی کا نام لیا گیا ہے ۔ اس نام کی تمام بچیوں کے متعلق ان کے گھروں سے پتا کیا گیا، مگر اس نام کی کوئی متاثرہ بچی موجود نہیں، سب انکاری ہیں۔ اس واقعے کے متعلق وزیر اعلٰی پنجاب مریم نواز لمحہ بہ لمحہ رپورٹ لے رہی ہیں۔مظلوم بچیوں پر سیاست چمکانے کی بجائے اگر کسی کے پاس مصدقہ اطلاعات اور بچی ہے تو پنجاب حکومت کے ساتھ ضرور شیئر کرے ۔ نجی کالج کے جس گارڈ پہ الزام لگایا گیا ہے وہ کل سے پولیس حراست میں ہے ۔
انکا کہنا تھا کہ بہت افسوس کی بات ہے ،ان معصوم بچیوں کے خلاف ظلم پہ چسکا لینا اور خبریں بنانا بند کیا جائے ۔ دوسری جانب پنجاب کالجز انتظامیہ نے حکومت سے شفاف تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کے لئے قانون نافذ کرنے والے ادارے کے ساتھ ہر طرح سے تعاون کیا جارہا ہے ۔ خدشہ ہے کہ کچھ شر پسند عناصر پنجاب گروپ کی ساکھ کو متاثر کرنے کے لئے سوشل میڈیا کا استعمال کر رہے ہیں۔ تا حال ایسے کسی واقعہ کے اب تک شواہد نہیں ملے ۔ کالج انتظامیہ اور پولیس کی مدد سے واقعہ کے حقائق جاننے کی کوشش کی گئی کسی مبینہ متاثرہ بچی کی نشاندہی نہیں ہوئی کالج کے تمام کیمروں کا ریکارڈ بھی چیک کیا گیا تمام ہسپتالوں کاریکارڈ بھی دیکھا گیا پولیس میں بھی کوئی رپورٹ درج نہیں کروائی گئی۔ مبینہ متاثرہ بچی اور خاندان کوڈھونڈنے کی کوشش بھی کی گئی۔ ان الزامات کے حوالے سے باوثوق اور قابل اعتماد ثبوت کی کمی کے باوجود پنجاب کالج کی انتظامیہ منصفانہ عمل کو یقینی اور شفاف بنانے کے لیے حکام کے ساتھ ہر طرح کا تعاون کرے گی۔ پنجاب گروپ آف کالجز میں ہمارے طلبااور عملے کی حفاظت ہمارے لئے انتہائی اہمیت کی حامل ہے ۔ ہم نے سخت حفاظتی پروٹوکول نافذ کیے ہوئے ہیں جن کی مسلسل نگرانی کی جاتی ہے اور انہیں اپ ڈیٹ بھی کیا جاتا ہے تا کہ کیمپس میں ہر ایک کے لیے محفوظ ماحول کو یقینی بنا یا جائے ۔