جنرل عاصم منیر نومبر 2027تک آرمی چیف رہیں گے :خواجہ آصف

جنرل عاصم منیر نومبر 2027تک  آرمی چیف رہیں گے :خواجہ آصف

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا آرمی چیف جنرل عاصم منیر نومبر 2027تک اس عہدے پر موجود رہیں گے جس سے نظام کو تسلسل ملے گا۔۔۔

 پہلے کئی آرمی چیفس کو توسیع دی گئی جسے سویلین حکومتوں کو پارلیمنٹ سے تائید کرانا پڑی، اب مدت ملازمت میں توسیع کا باب ختم ہوگیا۔بی بی سی سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع نے کہا چونکہ جنرل عام منیر کو نومبر 2022 کے دوران تعینات کیا گیا تھا لہذا اب وہ آرمی ایکٹ میں ترمیم کے بعد نومبر 2027 تک آرمی چیف رہیں گے ۔ ماضی میں ایوب خان سے لے کر جنرل باجوہ تک، قریب تمام آرمی چیفس کو ایکسٹینشن ملی تاہم اب ہم نے مسلح افواج کے تینوں بازوؤں کے لیے قانون بنا دیا ہے ۔ ہم نے اس میں کوئی تفریق نہیں کی ہے ۔پاکستان میں ایکسٹینشن کا سلسلہ ایوب خان کے دور میں شروع ہوا،اس کے بعد آٹھ، نو آرمی چیفس کو ایکسٹینشن دی گئی، ایوب خان، ضیا الحق، مشرف نے خود اپنے آپ کو ایکسٹینشن دی،یہ ساری ایکسٹینشنز افراد کیلئے تھیں،اب ہم نے اس حوالے سے قانون واضح کر دیا ہے ۔انہوں نے کہا موجودہ حالات میں تسلسل کی ضرورت ہے اور یہ ضروری ہے کہ جو بھی مسلح افواج کا سربراہ ہو وہ اسمبلی اور دیگر اداروں کی پانچ سالہ مدت کی طرح مناسب وقت کیلئے بہتر دفاعی منصوبہ بندی کر سکے ۔ سروس چیفس کی مدت میں طوالت سے نظام کو استحکام ملے گا اور یہ توقعات کے مطابق چل سکے گا،آرمی چیف کی تعیناتی کا اختیار اب بھی ہمارے (حکومت کے )پاس ہی ہے ۔ہم نے گنجائش نکالی ہے کہ کوئی کامن گراؤنڈ نکالا جائے ، ہم نے نظام کو قانونی اور آئینی شکل میں ڈھالا ہے تاکہ قانون کی خلاف ورزی نہ کی جائے ۔اپوزیشن جماعتوں بالخصوص تحریک انصاف کی جانب سے تنقید کا جواب دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وہ بھول گئے ہیں کہ ان کے رہنما سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا تھا کہ آرمی چیف قوم کا باپ ہوتا ہے ۔انہوں نے کہا اب مدت ملازمت میں توسیع کا باب ختم ہوگیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں