پاکستان محفوظ ہاتھوں میں کوئی نقصان نہیں پہنچا سکتا:وزیر اطلاعات
اسلام آباد( نامہ نگار ، این این آئی)وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات عطااللہ تارڑ نے کہا کہ پاکستان کا مستقبل محفوظ ہاتھوں میں ہے کوئی بھی شخص یا قوت پاکستان کو نقصان نہیں پہنچا سکتی،حکومت نے فلسطین کے 200طلبہ کو پاکستانی اداروں میں داخلے دئیے ،پاکستان 1967سے پہلے والی فلسطینی ریاست کی بحالی چاہتا ہے ۔
اسلام آباد میں نیشنل یوتھ سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ تقریب میں شریک تمام مندوبین کو خوش آمدید کہا ۔اللہ کا شکر ہے کہ پاکستان ہنرمند نوجوانوں کا ملک ہے ، پاکستان کی نوجوان آبادی ملکی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے اور ہر فورم پر نوجوان پاکستان کی نمائندگی کر رہے ہیں، پاکستانی نوجوان دنیا کے منظرنامے کو منفرد شکل دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں ۔ نوجوانوں کو بااختیار بنانا وقت کا تقاضا ہے اور حکومت نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لئے مختلف اقدامات کر رہی ہے ، ملکی معیشت کی مضبوطی کیلئے حکومت دن رات کوشاں ہے ، انہوں نے کہا کہ اسرائیل نہتے فلسطینیوں کی نسل کشی کر رہا ہے ، اقوام عالم فلسطینیوں کی نسل کشی کو رکوانے کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔