جوڈیشل کمیشن :مساوی نمائندگی نہ ملنے پر بلاول کا شکوہ
اسلام آباد(سٹاف رپورٹر ،نمائندہ دنیا) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے جوڈیشل کمیشن میں مساوی نمائندگی نہ ملنے پر حکومت اور وزیر اعظم سمیت کا بینہ کی اہم شخصیات سے شکوہ کر دیا ۔
بتایاگیا ہے بلاول نے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا حکومت نے جوڈیشل کمیشن میں ن لیگ اور پاکستان پیپلز پارٹی کی مساوی نمائندگی کے وعدے کو پورا نہیں کیا۔ امکان ہے بلاول بھٹو وطن واپسی پر سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس بلا کر اس معاملے پر مشاورت کریں گے ۔جوڈیشل کمیشن میں مساوی نمائندگی کا وعدہ پورا نہ ہونے پر چیئرمین پیپلز پارٹی نے گزشتہ ہفتے جوڈیشل کمیشن سے اپنا نام واپس لے لیا تھا۔ پی پی پی ذرائع نے بتا یا ن لیگ اور پیپلز پارٹی میں طے پا یاتھا کہ جوڈیشل کمیشن میں دونوں جماعتوں کو یکساں نمائندگی ملے گی۔اٹارنی جنرل اور وزیر قانون بھی حکومت کے نمائندے ہیں۔وفاق کی جانب سے وعدہ پورانہ ہونے پر بلاول بھٹو نے جوڈیشل کمیشن سے اپنا نام واپس لیا جس کے بعد فاروق ایچ نائیک کو جوڈیشل کمیشن کا ممبر بنایا گیا ۔