بانی پی ٹی آئی سے پارٹی رہنمائوں کو ملاقات کی اجازت نہ ملی
راولپنڈی (خبر نگار)بانی پی ٹی آئی سے پارٹی رہنمائوں اور اتحادی قیادت کو ملاقات کی اجازت نہ ملی ۔ اسد قیصر، علامہ ناصر عباس سمیت دیگر چار بجے تک انتظار کرنے کے بعد جیل سے روانہ ہو گئے ۔
بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے لئے اسد قیصر،شبلی فراز،عون عباس بپی ،شیخ وقاص اکرم،علامہ راجہ ناصر عباس، اور جمال احسان اڈیالہ جیل پہنچے جہاں ان کو اندر جانے کی کلیئرنس نہ ملی جس کے باعث کافی دیر انتظار کرنے کے بعد چار بجے یہ رہنما اڈیالہ جیل سے واپس روانہ ہو گئے ،اسد قیصر نے ویڈیو بیان میں کہا کہ ہمیں اڈیالہ جیل سے تین کلومیٹر دور روک لیا گیا۔ہائی کورٹ کے حکم کے باوجود ملاقات نہیں کرائی جارہی،ہمارے آئینی حق سے روکا جارہا ہے ، اسمبلی میں بھی آواز اٹھائیں گے ، بانی پی ٹی آئی سے ملاقات سے روکنے پر عدالتوں میں بھی جائیں گے ۔