خیبرپختونخوا :اساتذہ کا احتجاج ، سکول3روز سے بند
پشاور،لاہور(اے پی پی،سٹی رپورٹر)صوبہ کے پی کے میں پرائمری سکولز تیسرے روز بھی بند ہیں جبکہ اساتذہ کا احتجاج جاری ہے ، صدر آل پرائمری ٹیچرز ایسوسی ایشن عزیز اﷲخان کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے ملاقات کے لئے بلایا ہے۔
امید ہے آج معاملہ حل کی طرف جائے گا، وفد کی ملاقات تک پختونخوا اسمبلی کے سامنے خیبر روڈ پر دھرنے کے شرکا بیٹھے رہیں گے ۔واضح رہے کہ اساتذہ کی ہڑتال کے باعث صوبے کے 26 ہزار سے زائد سکولوں میں تدریسی عمل معطل ہے ۔اس ضمن میں ڈائریکٹر ایجوکیشن نے تمام ضلعی ایجوکیشن افسروں کو فوری کارروائی کی ہدایت کردی ۔ وزیر تعلیم کے پی کے فیصل ترکئی نے کہا ہے کہ احتجاج ہر کسی کا حق ہے لیکن سکول بند کرنا غیر قانونی ہے ، سکول بند کرنے کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔ ادھر وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کے پی کے میں احتجاج کرنے والے اساتذہ کو معطل کرنے کو شرمناک حرکت قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہر وقت جلسہ جلوس کی آڑ میں فسادی گروپ ’’احتجاج ہمارا حق ہے ‘‘کے نعرے لگاتا ہے ،پنجاب میں کسان، کارکنوں ،نابینا افراد کو ہلہ شیری دیتا ہے اوراپنے صوبے میں واقعی پرامن احتجاج کرنے والے اساتذہ کو احتجاج کرنے پر معطل کردیتا ہے ۔