پنجاب اسمبلی :ترمیمی زرعی انکم ٹیکس نافذکرنے کا بل پیش
لاہور(سیاسی نمائندہ )پنجاب اسمبلی اجلاس میں ترمیمی زرعی انکم ٹیکس لاگو کرنے کا بل پیش جو دو ماہ کیلئے سٹینڈنگ کمیٹی کے حوالے کردیاگیا۔کمیٹی ممبران مسودہ میں مزید تجاویز پیش کرینگے۔
بل پیش ہونے پر اپوزیشن پنجاب اسمبلی کے باہر سراپا احتجاج رہی۔ نئی شق (D)کے تحت ترمیمی بل میں زرعی کیساتھ لائیو سٹاک پر بھی ٹیکس لاگو کیا جائے گا جو زرعی ٹیکس میں شمار ہوگا۔نئی شق 3AB کے تحت زیادہ آمدن والے اشخاص پر سپر ٹیکس لاگو کیا جائے گا۔ترمیمی بل کے ذریعے زرعی زمین پر انکم ٹیکس کی چھوٹ ختم کی جائیگی۔سیکشن 8 میں ترمیم کے تحت زرعی ٹیکس نا دہندہ کو ٹیکس رقم کا 0.1 فیصد ہر اضافی دن کا جرمانہ ہو گا۔سیکشن 8 میں ترمیم کے تحت 12 لاکھ سے کم زرعی آمدنی والے ٹیکس نا دہندہ کو 10 ہزار ،چار کروڑ سے کم زرعی آمدنی والے ٹیکس نا دہندہ کو 25 ہزار اورچار کروڑ سے زیادہ آمدنی والے ٹیکس نا دہندہ کو 50 ہزار جرمانہ ہو گا۔ وقفہ سوالات کے بعد حکومتی ارکان مختلف محکموں کی ناقص کارکردگی پر یک زبان ہو گئے ،پیپلزپارٹی کے ممتاز چانگ نے کہا کچے کے علاقہ میں بدعنوان پولیس افسروں کو تعینات کیاجاتا ہے اگر حکومت صادق آباد ملحقہ علاقوں میں جرائم پر قابو پانا نہیں چاہتی تو واضح کرے مستعفی ہونے کو تیار ہوں، حکومتی رکن امجد جاوید نے نادرا سیکسیشن سرٹیفکیٹ اور ڈیکلیریشن سرٹیفکیٹ کی فیسوں میں اضافہ ظلم قرار دیا۔
اپوزیشن رکن رانا آفتاب نے نکتہ اعتراض پر کہا35ہزار افراد سموگ سے متاثر ہو چکے ہیں حکومت متاثرہ علاقے میں شامل ہونے پر پنجاب اسمبلی احاطہ میں فوری ائیر پیوریفائر لگائے ۔ایوان نے کامن ویلتھ پارلیمنٹرین آف دی ائیر کا اعزاز حاصل کرنے پراپوزیشن رکن خرم اعجاز چٹھہ کو خراج تحسین پیش کیا،سپیکر نے انہیں بلاکر کامن ویلتھ سے ملنے والی شیلڈز سے نوازا، سپیکر نے ایجنڈا مکمل ہونے پر اجلاس کل بدھ کی سہ پہر دو بجے تک ملتوی کردیا۔اپوزیشن لیڈر ملک احمد خان بھچر نے میڈیاسے گفتگو میں کہا آئی ایم ایف کی ایماپر حکومت کسان کے ایک ایکڑ پر ٹیکس لگانے جا رہی ہے ،یہ وہی کسان ہے جس سے مریم نواز نے گندم نہ خریدی ، ہم اس بل کو یکسر مسترد کرتے ہیں،پورا پاکستان سموگ کی وجہ سے جام ہوگیا اور یہ لوگ بیرونی دوروں پر ہیں۔ اسی ماہ نومبر میں لانگ مارچ اور دھرنا دیا جائے گا،حتمی تاریخ کا اعلان بانی پی ٹی آئی کرینگے ،بانی پی ٹی آئی نے عدالتوں سے ریلیف نہیں انصاف لینا ہے ،ہمیں کسی بیرونی ملک کی ضرورت نہیں۔ سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے میڈیا سے گفتگومیں کہا پاکستان کی عدالتیں ٹرمپ کے زیر اثر نہیں۔اس پر زیادہ بات نہیں کر سکتے کہ عدالتی فیصلوں پر فرق پڑے گا۔