بلوچستان کابینہ کے اجلاس میں سکیورٹی ایکٹ کی منظوری
کوئٹہ (اے پی پی)وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کی زیر صدارت کابینہ کا اجلاس سی ایم سیکرٹریٹ میں ہوا ۔ کوئٹہ ریلوے سٹیشن پر بم دھماکا کے شہدا کیلئے دعا کی گئی ۔
کابینہ نے دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے دہشتگردی کے خاتمے کیلئے پوری قوت سے لڑنے کا عزم کیا ۔اجلاس میں سکیورٹی آف وینر یبل اسٹیبلشمنٹ ایکٹ 2024 کی منظوری دی گئی جسکے تحت بلوچستان میں بحالی امن کیلئے مختلف سکیورٹی اداروں کے مربوط اقدامات کو بار آور بنایا جائے گا ۔ کابینہ نے راڑا شم اور کنگری میں نئے پولیس سٹیشنز جبکہ چمن ماسٹر پلان لیویز تھانہ کے قیام، چیئرمین بلوچستان سیلز ٹیکس آن سروسز ریونیو اپیلیٹ ٹربیونل و ارکان تعیناتی اورکوئٹہ ڈویلپمنٹ پیکیج کیلئے درکار فنڈز کی بھی منظوری دی۔ وزیر اعلیٰ نے خطاب میں کہا سکیورٹی فورسز حکومت اور عوام ملکر امن دشمن عناصر سے لڑ رہے ہیں،دہشتگردی کا خاتمہ کرکے امن کی بحالی یقینی بنائیں گے ۔ وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی کہ مجوزہ نئے پولیس سٹیشنوں کی حدود کا تعین عوامی ضروریات سے ہم آہنگ کیا جائے ۔ مشیر وزیر اعلیٰ ڈاکٹر ربابہ بلیدی نے تجویز دی کہ کسی بھی ہنگامی وناگہانی صورتحال سے نمٹنے کیلئے رضا کاروں کو تربیت دیکر خدمات حاصل کی جائیں،وزیر اعلی ٰنے تجویز سے اتفاق کرتے ہوئے بہتر حکمت عملی مرتب کرنے کی ہدایت کی۔