دفعہ 144 کی خلاف ورزی :عمران خان ، شیخ رشید ودیگر بری
اسلام آباد(اپنے نامہ نگارسے )جوڈیشل مجسٹریٹ یاسرمحمود کی عدالت نے دفعہ144 ،ایمپلی فائر ایکٹ کی خلاف ورزی پر درج مقدمہ میں بانی پی ٹی آئی عمران خان ، سابق وزیر شیخ رشید احمد،اسدقیصر ، سیف اللہ نیازی اور دیگر کو بری کرنے کا حکم سنادیا۔
گزشتہ روز تھانہ آبپارہ میں درج مقدمہ کی سماعت کے دوران شیخ رشید احمد،صداقت عباسی اور دیگراپنے وکلا کے ہمراہ عدالت پیش ہوئے ،دلائل مکمل ہونے پر عدالت نے فیصلہ محفوظ کرلیا اور بعد ازاں عدالت نے بانی پی ٹی آئی،اسد قیصر،سیف اللہ نیازی،شیخ رشید،صداقت عباسی،فیصل جاوید اور علی نواز سمیت تمام ملزموں کو مقدمہ سے بری کرنے کا فیصلہ سنا دیا۔ملزمان کے خلاف بیس اگست 2022 کو تھانہ آبپارہ میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔