آئی ایم ایف :صوبائی بجٹ کا ہدف پورا نہ ہونے پر تحفظات

آئی ایم ایف :صوبائی بجٹ کا ہدف پورا نہ ہونے پر تحفظات

اسلام آباد (نمائندہ دنیا) آئی ایم ایف وفد نے صوبائی سرپلس بجٹ کا ہدف پورا نہ ہونے پر تحفظات کا اظہار کیا ہے ۔

باوثوق ذرائع سے معلوم ہوا مشن نے چھوٹے صوبوں میں کم اخراجات پر بھی سوالات اٹھائے ، آئی ایم ایف وفد نے آمدن اور اخراجات پر صوبائی حکام سے مذاکرات میں صوبائی سرپلس بجٹ کا ہدف پورا نہ ہونے پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا جولائی سے ستمبر صوبائی بجٹ 342 ارب ہدف کی نسبت 160 ارب سرپلس رہا جبکہ ٹارگٹ سے مجموعی صوبائی سرپلس ہدف کی نسبت 182 ارب روپے کم رہا۔ ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق سندھ نے 131 ارب، خیبر پختوانخوا نے 103 ارب اور بلوچستان نے 85 ارب سرپلس دیا، پنجاب کے 160 ارب روپے کے بجٹ خسارے کی وجہ سے ہدف حاصل نہ کیا جا سکا۔ خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے حکام سے صحت اور تعلیم کے شعبوں میں اخراجات اور خیبر پختونخوا حکومت کی ٹی بلز میں سرمایہ کاری پر سوالات کیے گئے ۔

کے پی حکومت نے گندم خریداری اور امدادی قیمت پر رعایت مانگی تاہم آئی ایم ایف وفد نے حتمی بات نہیں کی، پنجاب کے بجٹ سرپلس کا ہدف پورا نہ ہونے پر بھی تحفظات کا اظہار کیا ، آئی ایم ایف نے شمسی توانائی کے فروغ کی حمایت نہیں کی اور گندم سپورٹ پرائس دینے کے صوبائی مؤقف کو نہیں مانا۔ آئی ایم ایف وفد آج ایس آئی ایف سی حکام سے ملاقات کرے گا۔ادھر حکومت کیپٹو پاور پلانٹس کی بندش کے اپنے ہی فیصلے سے پیچھے ہٹنے لگی، آئی ایم ایف حکام سے درخواست کی ہے کہ کیپٹو پاور پلانٹس سے بجلی کی پیداوار جاری رکھنے کی اجازت دی جائے ۔ ملک بھر میں تقریباً 1400کیپٹو پاور پلانٹس تقریباً 4ہزار سے 5ہزار میگاواٹ تک صلاحیت کے ہیں۔ پاور ڈویژن ذرائع نے بتایا یہ پلانٹس چلنے سے بجلی کی طلب میں اضافہ کرنے کے مقصد کو نقصان پہنچے گا کیونکہ یہ پلانٹس چلیں گے تو نیشنل گرڈ سے طلب میں اضافہ نہیں ہوگا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں