احتجاج، دھرنا، سینٹرل سلیکشن بورڈ کا اجلاس موخر ہونے کا خدشہ
اسلام آباد (نیوز رپورٹر ) وفاق کے ماتحت افسروں کی گریڈ 20اور 21میں ترقی کیلئے 14ماہ بعد 25تا 27نومبر شیڈول ہونے والا سینٹرل سلیکشن بورڈ (سی ایس بی) کا اجلاس موخر ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا۔
چیئرمین فیڈرل پبلک سروس کمیشن کی حتمی منظوری کے بعد رواں ہفتے سیاسی صورت حال کو مدنظر رکھتے ہوئے 22نومبر تک سی ایس بی اجلاس موخر کرنے کے احکامات جاری کیے جاسکتے ہیں۔ پاکستان تحریک انصاف کی 24نومبر کو احتجاج کی کال اور دھرنے کے اعلان کے بعد سی ایس بی اجلاس کا انعقاد خطرے میں پڑگیا، اجلاس حالات معمول پر آنے تک موخر کیا جا سکتا ہے ۔ سکیورٹی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے اس حوالے سے خدشات کااظہار کیاہے ۔ سیاسی صورت حال کے پیش نظر سی ایس بی اجلاس میں تمام چیف سیکرٹریز، آئی جیز اور وفاقی سیکرٹریز کی شرکت اور اجلاس منعقد ہونا مشکل ہو جائے گا۔ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے چیئرمین فیڈرل پبلک سروس کمیشن کی مشاورت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے خدشات کے پیش نظر اجلاس موخر کرنے کیلئے تجاویز کی بنا لی ہیں۔
چیئرمین فیڈرل پبلک سروس کمیشن کی حتمی منظوری کے بعد 22نومبر تک سی ایس بی اجلاس موخر کرنے کے احکامات جاری کیے جاسکتے ہیں۔ 14ماہ بعد بلائے گئے سی ایس بی اجلاس میں 400سے زائد افسران کو گریڈ 20اور 21میں ترقی دینے کی سفارشات منظور کی جانی ہیں۔ اجلاس میں اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے ماتحت تینوں سروسز گروپ پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس ، پاکستان پولیس سروس اور سیکرٹریٹ سروس کے کل 323 افسر وں کو گریڈ20اور 21میں ترقی دینے کی منظوری دی جائے گی۔ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے ماتحت پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس کی اسامیوں کی تعداد سب سے زیادہ 255ہے جس میں گریڈ20 کی سب سے زیادہ 230 اسامیاں اور گریڈ21 کی 25 اسامیاں پر افسر وں کو ترقی دینے منظوری دی جائے گی۔ پاکستان پولیس سروس گریڈ21 کی 10اور گریڈ20کی 23اسامیوں پر افسران کو ترقی دی جائے گی ۔ پاکستان سیکرٹریٹ سروس گریڈ 21 کی 7اور گریڈ20 کی 28اسامیوں پر ترقی کی منظوری دی جائے گی۔