بنوں:دہشتگردوں نے پوسٹ میں داخلے میں ناکامی پر گاڑی ٹکرائی،12شہدا کی نماز جنازہ ادا
بنوں(دنیا نیوز)بنوں میں سکیورٹی فورسز کی مشترکہ چیک پوسٹ پر دہشتگردوں کے حملے کی کوشش کے دوران خودکش دھماکے میں شہید ہونے والے 12 اہلکار وں کی نماز جنازہ بنوں گیریژن میں ادا کردی گئی ۔
فائرنگ کے تبادلے میں 6 خوارج دہشتگرد بھی ہلاک ہوئے ۔آئی ایس پی آر کے مطابق ضلع بنوں کے علاقے مالی خیل میں مشترکہ چیک پوسٹ پر خوارج کی جانب سے حملے کی کوشش کی گئی۔ فائرنگ کے تبادلے میں 6 خوارج دہشتگرد بھی ہلاک کر دیئے گئے جبکہ خوارج کے خود کش حملے میں 12 سکیورٹی اہلکار شہید ہو گئے ۔ شہید ہونے والوں میں سکیورٹی فورسز کے 10 اور 2 ایف سی اہلکار شامل ہیں۔سکیورٹی اہلکاروں نے خوارج کی جانب سے چیک پوسٹ میں داخل ہونے کی کوشش ناکام بنائی، داخل ہونے کی کوشش ناکام ہونے پر خوارج نے بارود سے بھری گاڑی پوسٹ کی دیوار سے ٹکرا دی،خوارج کے خود کش دھماکے سے چیک پوسٹ کی دیوار کا ایک حصہ گر گیا اور انفرا اسٹرکچر کو نقصان پہنچا جس سے 12 شہادتیں ہوئیں۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے اور اس گھنائونے عمل کے ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشتگردی کے ناسور کو جڑ سے ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔
ہمارے بہادر سپوتوں کی یہ قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔ جام شہادت نوش کرنے والوں میں 44 سالہ صوبیدار عمران فاروقی ساکن گوجرانوالہ، 29 سالہ حوالدار جاوید اقبال ساکن سرگودھا، 34 سالہ نائیک طہماس احمد ساکن ایبٹ آباد، 39 سالہ نائیک باسط فرید ساکن ہری پور، 33 سالہ سپاہی صفدر ساکن ضلع بارکھان، 32 سالہ سپاہی اسد بشیر ساکن ضلع کوہلو، 38 سالہ سپاہی اعجاز ساکن ڈیرہ غازی خان، 23 سالہ سپاہی عاطف خان ساکن میانوالی، 30 سالہ سپاہی امان اللہ ساکن ضلع کرک، 22 سالہ سپاہی شاہ زمان ساکن لوئر دیر، 22 سالہ سپاہی حسیب اللہ ساکن ضلع کرک اور 33 سالہ عثمان اللہ ساکن ضلع کرک شامل ہیں جنکی نماز جنازہ بنوں گیریژن میں ادا کردی گئی جس میں کمانڈر پشاور کور سمیت اعلیٰ عسکری حکام، سول انتظامیہ اور فوجی جوانوں نے شرکت کی۔بعد ازاں شہدا کی میتیں آبائی علاقوں کو روانہ کردی گئیں ۔صدر آصف زرداری ،وزیراعظم شہباز شریف نے ضلع بنوں میں خوارج دہشتگردوں کے حملے میں 12 جوانوں کی شہادت پر اظہار افسوس کیا اور کہا پوری قوم مادر وطن کی سلامتی کیلئے جام شہادت نوش کرنے والوں کو سلام پیش کرتی ہے ، قوم کے بیٹوں کی قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جانے دیں گے دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک ہماری دہشتگردوں کیخلاف جنگ جاری رہے گی۔