الیکشن کمیشن:ن لیگ کے ایم این اے عادل بازئی ڈی سیٹ
اسلام آباد (وقائع نگار)الیکشن کمیشن آف پاکستان نے مسلم لیگ ن کے رکنِ قومی اسمبلی عادل بازئی کو ڈی سیٹ کر دیا۔عادل خان بازئی کی نااہلی کے لیے ریفرنس پر الیکشن کمیشن نے فیصلہ سنا دیا۔الیکشن کمیشن نے این اے 262ون کی نشست کو خالی قرار دیتے ہوئے کہا ہے۔
کہ عادل بازئی نے 26 ویں ترامیم پر ووٹ نہیں دیا اور پارٹی پالیسی کی خلاف ورزی کی،فیصلے میں کہا گیا ہے کہ مروجہ قوانین کے مطابق تمام ممبران پارٹی گائیڈ لائنز پر عمل کرنے کے پابند ہیں۔عادل بازئی کوئٹہ سے آزاد حیثیت میں رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے اور کامیابی کے بعد پہلے مسلم لیگ ن میں شمولیت کا بیان حلفی جمع کروایا ، پھر چند روز بعد سنی اتحاد کونسل میں شمولیت کا بیان حلفی جمع کروایادیا۔دوران سماعت عادل بازئی کے وکیل نے ن لیگ میں شمولیت کے بیان حلفی کو جعلی قرار دیا تھا۔ نواز شریف نے فنانس بل اور آئینی ترمیم میں ووٹ نہ ڈالنے پر عادل کے خلاف نااہلی کا ریفرنس جمع کروایا تھا۔ سپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے نااہلی ریفرنس الیکشن کمیشن کو بھجوایا گیا جس میں کہا گیا کہ عادل نے آئینی ترمیم کے موقع پر پارٹی پالیسی کی خلاف ورزی کی۔