لاہور ودیگرشہروں میں بارش وادی نیلم میں برفباری
لاہور،اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک،اے پی پی)لاہور میں موسم سرما کی پہلی بارش ،ہلکی بوندا باندی سے موسم خوشگوار،سموگ اور دھند کم ہوگئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ہفتہ کو بند روڈ، بابو صابو، شیراکوٹ، یتیم خانہ چوک، کینال روڈ، کوٹ لکھپت، ماڈل ٹاؤن،پیکو روڈ، ٹاؤن شپ اور فیروز پور روڈ کے اطراف میں ہلکی بارش ہوئی۔ منڈی بہاؤالدین ، وزیرآباد اورگجرات کے گردونواح میں بھی چند مقامات پر ہلکی بارش ہوئی۔راولپنڈی ، اسلام آباد اور آزاد کشمیر میں بھی بارش ہوئی۔وادی نیلم کے ضلعی ہیڈکوارٹر اٹھ مقام اور گردونواح میں موسلادھار بارش اور سیاحتی مقامات اڑانگ کیل ،جاگراں ویلی ،رتی گلی ،پتلیاں جھیل،لوات بالا ،شونٹر ویلی ،سرگن اور تاؤبٹ میں برفباری سے موسم شدید سرد ہوگیا۔آئندہ 24 گھنٹے کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور سرد رہنے جبکہ گلگت بلتستان، بالائی خیبر پختونخوا ،اسلام آباد ، خطہ پوٹھو ہار اورکشمیر میں چند مقامات پر تیزہوائوں اورگرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پرہلکی برفباری کا امکان ہے ۔ لاہور، سیالکوٹ، نارووال، گوجرانوالہ ، شیخوپورہ ، قصور، اوکاڑہ، حافظ آباد، جھنگ، فیصل آباد، بہاولپور، ملتان، سا ہیوال، خانیوال، رحیم یار خان اور گردونواح میں سموگ جبکہ سندھ کے میدانی علاقوں میں دھند چھائے رہنے کی توقع ہے ۔