ویڈیوبیان ،بشریٰ بی بی کے خلاف 8مقدمات درج
گوجرانوالہ،اوکاڑہ،ڈی جی خان(کرائم رپورٹر) بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف سعودی عرب کے حوالے سے بیان دینے پر مختلف شہروں میں درج مقدمات کی تعداد 5ہوگئی ۔
گوجرانوالہ میں گزشتہ روز محلہ بختے والہ کے رہائشی محمد علی نے تھانہ صدر پولیس کو دی گئی تحریری درخواست میں موقف اختیار کیا تھا کہ اس نے نیوز چینل پر بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی کا بیان سنا جو پاکستان اور سعودی عرب کی خارجہ پالیسی کے خلاف ہے ، یہ بیان ایک سوچی سمجھی سازش ہے جس سے عوام کے جذبات مجروح ہوئے ،لہذا بشری ٰبی بی کے خلاف سخت کارروائی کی جائے ،پولیس نے بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ کیخلاف ٹیلی گراف ایکٹ و دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا جبکہ تھانہ سول لائن میں شہری کاشف ہدایت کی درخواست پربھی ایف آئی آر کاٹ دی گئی ۔ ملتان میں بشریٰ بی بی کے خلاف تھانہ قطب پور میں مقدمہ درج کیا گیا جبکہ لیہ کے تھانہ سٹی میں ایف آئی آر کاٹی گئی ۔ شہری مقصود احمد کی مدعیت میں تھانہ صدر اوکاڑہ میں بھی پرچہ کٹ گیا۔بہاولنگر کے تھانہ سٹی بی ڈویژن میں بھی مقدمہ درج کرلیا گیا۔ ایک روز قبل ڈیرہ غازی خان اور راجن پور میں بشریٰ بی بی کے خلاف ٹیلی گراف ایکٹ 1885 کے تحت مقدمات درج کئے گئے تھے ۔