تمام شاہراہیں کس قانون کے تحت بند کی گئیں:محمود اچکزئی
ژوب (آن لائن)تحفظ آئین موومنٹ و پختونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے کہا ہے کہ ہم اپنے قدرتی وسائل پر کسی کو قبضہ نہیں کرنے دینگے ۔
معززین پشتونوں کے اختلافات اور دشمنیوں کو ختم کرائیں، دشمن ہمارے نفاق سے فائدہ اٹھا رہا ہے ،ہمیں متحد ہونے کی ضرورت ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشتون خوا میپ کے زیر اہتمام چیف آف پشتون نواب ایاز خان جوگیزئی کی زیر صدارت ژوب ڈویژن کے جرگہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ محمود اچکزئی نے کہا پی ٹی آئی احتجاج کے پیش نظر تمام شاہراہیں کس قانون کے تحت بند کی گئیں، احتجاج پی ٹی آئی کا آئینی و جمہوری حق ہے ۔کرم ایجنسی میں حالیہ دنوں میں ابتک 200 افراد مار ے جاچکے ، کوئی ذمہ داری قبول نہیں کرتا ،پشتونوں کودہشتگرد کے طور پر پیش کیا جارہا ہے جو حکومت عوام کا تحفظ نہیں کر سکتی اسے حکمرانی کا کوئی حق نہیں ۔جرگہ سے قبائلی عمائدین عبدالرحیم زیارتوال ، سردار زین اللہ میر زئی ودیگرنے خطاب میں کہا دکی میں جو کچھ ہوا وہ سب کے سامنے ہے ، ہمارے مرد وزن ،دکاندار، وکیل، ڈاکٹر ،ٹرانسپورٹر، سکول ،مسجد ،مدرسہ تک محفوظ نہیں ، ترقیاتی منصوبوں کو بند کیا جارہا ہے ، کوئلہ کرومائٹ و دیگر معدنیات پر ٹیکس مانگا جارہاہے ، قدرتی وسائل پر الاٹمنٹ یا کسی کوقبضہ نہیں کرنے دینگے ، ان حالات میں سیاسی لیڈرشپ اور تمام قبائل کو متحد ہونا ہوگا۔