جماعت اسلامی کے رہنما ڈی چوک پہنچ گئے ، ایس ایچ او اہلکاروں پر برہم
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک )پاکستان تحریک انصاف کے احتجاج کے پیش نظر جڑواں شہروں میں سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات تھے اور کسی بھی شخص کو ریڈ زون میں داخلے کی اجازت نہیں دی گئی تاہم تمام تر انتظامات کے باوجود جماعت اسلامی کے مرکزی رہنما میاں اسلم ڈی چوک اسلام آباد پہنچ گئے۔
جن کی ویڈیو منظر عام آئی ہے ۔ویڈیو میں میاں اسلم کو ڈی چوک میں پولیس اہلکاروں اور صحافیوں سے خوش گپیاں کرتے دیکھا جا سکتا ہے جبکہ ایک پولیس افسر کو انہیں ڈی چوک سے جانے کا کہتے بھی سنا جا سکتا ہے ۔میاں اسلم کے ڈی چوک سے باہر نکلتے وقت اسلام آباد پولیس کے ایس ایچ او کو وہاں تعینات پولیس اہلکاروں پر برہمی کا اظہار کرتے دیکھا جا سکتا ہے ۔ایس ایچ او پولیس اہلکاروں پر غصہ کرتے ہوئے کہہ رہا ہے کہ تم لوگ یہاں کھڑے ریوڑیاں کھا رہے ہو اور یہ اندر جاکر پریس کانفرنس کر کے آ گیا، جس پر رہنما جماعت اسلامی نے کہا کہ یہ غلط کہہ رہے ہیں میں نے کوئی پریس کانفرنس نہیں کی۔پولیس افسر وہاں موجود اہلکاروں کو نوکری سے برطرف کرنے کی دھمکی دیتے ہوئے کہتا ہے کہ میں ابھی ڈی آئی جی صاحب کو بتاتا ہوں ۔