9 مئی کو ملک گیر فسادات برپا کرنیوالے پھر پرتشدد کارروائیاں کررہے: شہباز شریف

9 مئی کو ملک گیر فسادات برپا کرنیوالے پھر پرتشدد کارروائیاں کررہے: شہباز شریف

اسلام آباد،لاہور(نامہ نگار،آئی این پی ،نیا نیوز،مانیٹرنگ ڈیسک)وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ نام نہاد امن پسند احتجاجیوں کا پولیس اہلکاروں کو زخمی اور شہید کرنا قابل مذمت ہے۔ 9 مئی کو ملک گیر فسادات برپا کرنے والے ایک مرتبہ پھر سے پر تشدد کاروائیاں کر رہے ہیں۔

گزشتہ روز وزیر اعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق شہباز شریف نے کانسٹیبل مبشر شہید کے اہلخانہ سے تعزیت اور انکی بلندی درجات کی دعا کی اور واقعے میں ملوث افراد کی فوری نشاندہی کرکے انہیں قرار واقعی سزا دلوانے اور احتجاج کے دوران پتھراؤ و تشدد سے زخمی پولیس اہلکاروں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔وزیر اعظم نے کہا پولیس اہلکار و قانون نافذ کرنے والے اہلکار امن و امان قائم کرنے کیلئے ڈیوٹی پر مامور ہیں۔46 سالہ شہید کانسٹیبل مبشر کے کمسن بچوں کی دنیا شرپسند عناصر کے ہاتھوں اجڑ گئی۔ جب ملک ترقی کی منازل طے کرنے لگتا ہے شر پسند عناصر ملک بھر میں جلاؤ گھیراؤ شروع کر دیتے ہیں۔مجھ سمیت پوری قوم کانسٹیبل مبشر شہید کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے ۔ وہ ایسے گروہ کے ہاتھوں شہید ہوئے جو ملکی ترقی کا دشمن ہے ۔ نام نہاد امن پسند احتجاجیوں کا پولیس اہلکاروں کو زخمی اور شہید کرنے کا عمل قابل مذمت ہے ۔آئی این پی کے مطابق وزیر اعظم نے واضح کیا کہ کسی کو بھی انارکی نہیں پھیلانے دیں گے ۔ذرائع کے مطابق وزیر اعظم نے ماڈل ٹاؤن میں اہم اجلاس سے خطاب کرتے کہا ملک دشمن عناصر نہیں چاہتے پاکستان ترقی کرے ، معاشی حالات دن بدن بہتر ہو رہے ہیں، ہمیں اتحادیوں کو ساتھ لیکر چلنا ہو گا۔ پیپلز پارٹی کے مطالبات کو سنجیدگی سے لیا جائے جہاں تک ہوسکے ہمیں ان کو حل کرنا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں