پہلاون ڈے :شاہینز نے سری لنکا اے کو 108 رنز سے پچھاڑدیا
راولپنڈی (سپورٹس رپورٹر) پاکستان شاہینز نے حیدر علی کی شاندار سنچری کی بدولت سری لنکا اے کو پہلے ون ڈے میچ میں 108 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی ۔۔
پاکستان شاہینز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 7 وکٹوں کے نقصان پر 306 رنز بنائے ، حیدرعلی نے 108 رنز کی شاندار اننگز کھیلی ، جواب میں سری لنکا اے 198 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی ، شرون سراج نے 3 وکٹیں حاصل کیں ، حیدر علی کو مرد میدان قرار دیا گیا ، اسلام آباد کلب میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکا اے کے کپتان نووانیندو فرنینڈو نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ، پاکستان شاہینز نے مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 306 رنز بنائے ، حیدر علی نے 94 گیندوں پر 108 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی جس میں 6 چھکے اور 8 چوکے شامل تھے ، دیگر بیٹرز میں عبدالصمد 56 ، شرون سراج 42 ، محمد حارث 36 اور کپتان محمد ہریرہ 26 رنز کے ساتھ نمایاں رہے ، سری لنکا اے کی طرف سے ایشان مالنگا نے تین جبکہ دلشان مادوشنکا اور چمندو وکرماسنگھے نے دو ، دو وکٹیں حاصل کیں ، سری لنکا اے کی پوری ٹیم 39.4 اوورز میں 198 رنز بنا کر آؤ ٹ ہو گئی ، چمندو وکرما سنگھے 47 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہے ، شاہینز کی طرف سے شرون سراج نے 3 اور عمران جونیئر نے 2 وکٹیں حاصل کیں ۔