لومیرج کیلئے ایل اوسی عبورکرنیوالی کی ضمانت منظور، رہائی کا حکم
مظفر آباد(آئی این پی )آزاد کشمیر کی عدالت نے محبت کی شادی کیلئے غیر قانونی طور پر کنٹرول لائن عبور کرنے والی لڑکی کی درخواست منظور کرکے رہائی کا حکم دیدیا۔
۔پیر کو آزادکشمیر پولیس نے بھارتی زیرتسلط جموں و کشمیر سے لائن آف کنٹرول عبور کرکے آزاد کشمیر داخل ہونے والی 22 سالہ فاطمہ بی بی کو گرفتار کیا تھا، جسکے بارے میں کہا جارہا ہے کہ وہ اپنے عزیز کے ساتھ شادی کیلئے آئی ۔پولیس کے مطابق فاطمہ اتوار کو پونچھ سیکٹر سے ایل او سی عبور کرکے عزیز کے گھر پہنچی اسکا تعلق مقبوضہ کشمیر کے گائوں کرنی سے ہے ۔ وہ ضلع حویلی کے جس گائوں پہنچی، اسکا نام بھی کرنی ہے ۔ فاطمہ نے بیان دیا تھا کہ اس نے اپنے رشتہ دار عمران میر سے شادی کیلئے لائن آف کنٹرول عبور کی جوحال ہی میں سعودی عرب سے واپس آیا ہے ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق بغیر اجازت ایل او سی پار کرنے پر فاطمہ کیخلاف بھارت میں بھی مقدمہ درج کیا گیا ہے ۔ سول جج حویلی نے فاطمہ کی درخواست ضمانت مسترد کی تو فیصلے کیخلاف ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کی عدالت میں اپیل دائر کردی گئی ۔فاطمہ اور عمران کی درخواست پر سماعت ہوئی تو سیشن کورٹ نے سول کورٹ کے فیصلے کیخلاف اپیل منظور کرلی اور فاطمہ کی ضمانت منظور کرکے رہائی کا حکم دے دیا۔