سیاست کے نام پر گھیراؤ جلاؤ برداشت نہیں کرینگے :ملک محمد احمد
فیصل آباد(خصوصی رپورٹر)سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے جامعہ سلفیہ فیصل آباد میں تقریب تقسیم انعامات و اسناد میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس ملک پر حکمرانی کا حق ریاست کے منتخب نمائندوں کا ہے اور اختلاف رائے کے نام پر کسی کا گھر جلانا ناقابل قبول ہے ۔ ملک محمد احمد خان نے کہا کہ ہمارے ادارے ملک میں امن و امان برقرار رکھنے پر مبارکباد کے مستحق ہیں انہوں نے مزید کہا کہ سیاست کے نام پر گھیراؤ جلاؤ کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا کیونکہ سیاست افراتفری اور انتشار کا نام نہیں بلکہ عوامی خدمت کا ذریعہ ہے انہوں نے جامعہ سلفیہ کی لائبریری کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ علم کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہی ہے اور قوم کی ترقی میں لائبریریاں کلیدی حیثیت رکھتی ہیں۔ تقریب میں امیر مرکزی جمعیت اہلحدیث سینیٹر پروفیسر ساجد میر، ناظم اعلیٰ مولانا عبدالرشید حجازی، پرنسپل جامعہ سلفیہ پروفیسر یاسین ظفر، ڈاکٹر حافظ عبدالکریم، اور حافظ صہیب میر محمدی سمیت مقامی علما اور معزز شخصیات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔