ملک بچانے کیلئے ہرحال میں فوج کا ساتھ دینا ہوگا:پیرپگارا
سانگھڑ(آن لائن)حروں کے روحانی پیشوا پیر پگارا نے کہا ہے کہ آپ سب اپنے بچوں کو سمجھائیں چاہے غمی ہو یا خوشی فوج ہماری ہے ہم فوج کے ہیں۔
سندھ کے علاقے اچھڑو تھر میں حروں کے روحانی پیشوا صبغت اللہ شاہ راشدی پیر پگارا نے ہزاروں مریدین سے خطاب کرتے ہوئے کہا دہشتگردی کسی سیاستدان نہیں فوج کی وجہ سے کم ہوئی ، ہمیں منفی سیاست نہیں کرنی چاہیے ، ملک بچانا ہے ۔ موجودہ سیاسی صورتحال میں کوئی قومی سطح کا لیڈر نہیں بچا، اگر کوئی فیڈریشن کو بچا سکتا ہے یا بچاتا آیا ہے تو وہ فوج ہے ۔سیاستدان فیڈریشن کو نہیں بچا رہے ہر کوئی اپنی گٹھڑی لیکر بیٹھا ہے ، اگر پاکستان کے خیرخواہ اور فیڈریشن کے ساتھ ہیں تو ہرحال میں فوج کا ساتھ دینا ہو گا۔پاک فوج کی وجہ سے ہماری سرحدیں محفوظ ہیں، ملک کی وجہ سے ہماری عزت محفوظ ہے ، جن ممالک کی فوجیں کمزور ہیں وہ دنیا میں دھکے کھارہے ہیں۔ ہم اپنی فوج کو کمزور کرینگے تو ہم بھی ضرور دھکے کھائیں گے ، اپنی فوج مضبوط کرینگے تو ملک مضبوط ہوگا۔