شاندار کارکردگی،43 پاکستانیوں کو سی پیک ایوارڈز مل گئے
اسلام آباد( آئی این پی)سی پیک کے مختلف منصوبوں پر کام کرنے والے 43 پاکستانیوں کو چینی سفارتخانے کی جانب سے ان کی شاندار خدمات کے اعتراف میں ایوارڈز سے نوازا گیا۔
وفاقی وزیر منصوبہ بند ی احسن اقبال نے ایوارڈتقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سی پیک منصوبوں نے بڑی پیش رفت حاصل کی ہے ، جس سے معاشی استحکام اور عوام کی فلاح و بہبود کو یقینی بنایا گیا ہے ۔ چین، پاکستان اقتصادی راہداری کے پہلے مرحلے میں 43 منصوبے مکمل کر لئے گئے ہیں ۔ سی پیک دونوں ممالک کے پائیدار ترقیاتی تعاون کی علامت بھی ہے ، اس منصوبے کے ثمرات پورے خطے میں بانٹے جائیں گے ۔ انہوں نے کہاکہ وزارت منصوبہ بندی کی جانب سے جلد ہی ایسی ہی ایک تقریب کا اہتمام کیا جائے گا جس میں نمایاں چینی کارکنوں کو نوازا جائے گا ۔احسن اقبال نے کہاکہ سی پیک پاکستان اور چین کے درمیان گہری دوستی کی علامت ہے ، میرے لئے باعث اعزاز ہے کہ منصوبے کے آغاز سے اس کے ساتھ وابستہ ہوں، سی پیک نے پاکستان کے قومی گرڈ میں 8 ہزار 800 میگاواٹ بجلی شامل کی۔تقریب میں وفاقی وزیر اور چینی سفیر جیانگ زیڈونگ نے عملے میں ایوارڈز تقسیم کئے ۔