حکومت کا مزید6آئی پی پیز سے معاہدے ختم کرنیکا فیصلہ،300ارب کی بچت ہوگی

حکومت کا مزید6آئی پی پیز سے معاہدے ختم کرنیکا فیصلہ،300ارب کی بچت ہوگی

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک،نیوز ایجنسیاں)وفاقی حکومت نے مزید 6 آئی پی پیز کے ساتھ بجلی خریدنے کے معاہدے ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے جس سے 300 ارب روپے کی بچت ہوگی۔

حکومتی ذرائع کے مطابق مہنگی بجلی پیدا کرنے والے آئی پی پیز کے ساتھ معاہدوں میں ایک اور پیش رفت ہوئی ہے اور وفاقی حکومت نے مزید 6 آئی پی پیز کے ساتھ بجلی خریدنے کے معاہدے ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے ۔  ذرائع کا کہنا ہے 6 آئی پی پیز کے ساتھ 2396 میگاواٹ کے معاہدے ختم کرنے سے مزید300 ارب روپے کی بچت کا امکان ہے ۔ ذرائع کے مطابق گل احمد انرجی کے ساتھ136 میگا واٹ کا معاہدہ ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ، اسی طرح کیپکو پاورپراجیکٹ کے 1638 اور لبرٹی پاور کے 200 میگاواٹ کے معاہدے ختم کیے جائیں گے ۔ اٹک پاور کے ساتھ 165، کوہ نور انرجی کے ساتھ131 میگا واٹ اور ٹپال انرجی کے ساتھ 126 میگاواٹ کی بجلی کی خرید کے معاہدے بھی منسوخ کیے جائیں گے ۔حکومتی ذرائع کا کہنا ہے مزید آئی پی پیز کے ساتھ معاہدے ختم کرنے کے اقدام سے بجلی ٹیرف میں کمی ہوگی۔ واضح رہے اس سے قبل وفاقی حکومت اب تک 13 آئی پی پیز کے ساتھ معاہدے ختم کر چکی ہے ان میں بگاس سے چلنے والے 8 نجی بجلی گھروں کے ساتھ معاہدوں کی منظوری بھی شامل ہے ۔خیال رہے آئی پی پیزکوکیپسٹی پیمنٹس کی مد میں سالانہ2 ہزارارب روپے سے زائد کی ادائیگیاں کی جا رہی تھیں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں