9مئی ،منصوبہ سازوں پر ہاتھ ڈالنے تک سلسلہ ختم نہ ہوگا:وزرا

9مئی ،منصوبہ سازوں پر ہاتھ ڈالنے تک سلسلہ ختم نہ ہوگا:وزرا

اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر،سٹاف رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک)نومئی کو فوجی تنصیبات پر حملوں میں ملوث مجرموں کو فوجی عدالتوں سے سزائیں دیے جانے پر اپنے ردعمل میں وفاقی وزرا نے کہا منصوبہ سازوں پر ہاتھ ڈالنے تک یہ سلسلہ ختم نہیں ہوگا۔

 وزیر دفاع خواجہ آصف نے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں کہا ہونا تو یہ چاہیے تھا کہ  امریکا اور برطانیہ کی طرح فوری انصاف ہوتا، فیصلے میں تاخیر نے ملزموں اور ان کے سہولت کاروں کے حوصلے بڑھائے ،ایک تاریک دن کی مذمت سے بھی گریز کیا گیا، جس سے شہدا اور غازیوں کی توہین کرنے والوں کو ہیرو بنایا گیا، ابھی تو جو کارکن استعمال ہوئے ، قانون کے ہاتھ ان کے گریبان تک پہنچے ہیں، جو اس بھیانک دن کے منصوبہ ساز تھے ، قانون جب تک ان پر ہاتھ نہیں ڈالتا تب تک اس سلسلے کا اختتام نہیں ہو گا ،ایسے عناصر کے حوصلے وطن دشمن بڑھاتے رہیں گے ۔وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے پی پی 160 میں ترقیاتی منصوبوں کے افتتاح کے موقع پر اپنے خطاب میں کہا آج سانحہ 9 مئی کے سیاسی دہشت گرد کیفر کردار کو پہنچے ، آج خوشی کا دن ہے ، شہداکے لواحقین کو انصاف مل گیا ،9 مئی کا منصوبہ ساز بانی پی ٹی آئی تھا ۔

سانحے کے ماسٹر مائنڈ کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا، 9 مئی کے سارے افراد جب انتقام تک پہنچے تو جشن منائیں گے ،گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا سانحہ نو مئی کے ملزموں کو سزائیں احسن قدم ہے ، پوری قوم اس فیصلے کی منتظر تھی کیونکہ اتنا عرصہ گزرنے کے باوجود جو لوگ ملوث تھے ان کو عدالتیں سزا نہیں سنا رہی تھیں ، اس ملک میں سزا اور جزا کا نظام ہوگا تب ہی یہ ملک ٹھیک ہوگا اگر نو مئی میں ملوث لوگ بھی آزاد اور مبرا ہوتے تو خدا نخواستہ اس سے بھی بڑے سانحات رونما ہونے کا اندیشہ تھا ۔وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ نے ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا 9 مئی کے واقعات کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں،سیاسی جماعت نے ماحول بنایا جس میں کچھ لوگوں نے گمراہ ہو کر اقدام کیا، 90 دن میں سزا ہوجاتی تو بہتر ہوجاتا، جلد سزا ملنے سے جرم کرنے والوں کو آئندہ ایسی جرأت نہ ہوتی، سزا نہیں ملنی تو ملٹری ایکٹ کس مرض کی دوا ہے ؟

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں