ملازمت کیلئے بیرون ملک جانے والوں کی تعداد میں کمی
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) سال 2024 میں بیرون ملک روزگار کیلئے 7 لاکھ کے لگ بھگ پاکستانی اپنا وطن چھوڑ گئے جبکہ ہدف 10 لاکھ مقرر کیا گیا تھا۔ یہ ناصرف ہدف سے کم ہے بلکہ سال 2023 کے مقابلے میں بھی کم و بیش ایک سے ڈیڑھ لاکھ کم ہے ۔
بیورو آف ایمیگریشن و اوورسیز ایمپلائیمنٹ کے اعداد وشمارکے مطابق 2024 میں چھ لاکھ 63 ہزار 186 سے زائد پاکستانیوں نے قانونی طریقے سے بیرون ممالک حصول روزگار کے لیے ملک کو خیرباد کہا۔ 2023 میں قانونی طریقے سے بیرون ممالک حصول روزگار کے لیے جانے والے پاکستانیوں کی تعداد 8 لاکھ 62 ہزار 625 تھی۔ اگر دسمبر میں متوقع طور پر جانے والوں کو بھی شامل کر لیا جائے تب بھی گزشتہ سال کے مقابلے میں ایک سے ڈیڑھ لاکھ کم ملازمتوں کا امکان ہے ۔ سال 2024 میں بیرون ملک قانونی طور پر روزگار حاصل کرنے والے کم و بیش 7 لاکھ افراد میں سے 90 فیصد سے زائد نے 6 خلیجی ممالک کا رخ کیا جبکہ باقی 10 فیصد نے دیگر 48 ممالک میں روزگار حاصل کیا۔ ہر سال کی طرح اس بار بھی سعودی عرب 7 لاکھ میں سے سوا لاکھ پاکستانیوں کا میزبان بنا جو بیرون ملک جانے والوں کی کل تعداد کا 60 فیصد بنتا ہے ۔ متحدہ عرب امارات 70 ہزار کے قریب، عمان 75 ہزار، قطر 40 ہزار، بحرین 25 ہزار اور کویت میں 2 ہزار کے قریب پاکستانیوں کو روزگار ملا۔ اس کے علاوہ برطانیہ میں 17 ہزار، ملائیشیا میں 6 ہزار کے قریب، عراق ساڑھے 6 ہزار، رومانیہ ڈیڑھ ہزار اور کچھ دیگر ممالک میں ایک ہزار لوگوں کو ملازمتیں ملیں۔