پی بی 45 ،نتائج نامنظور جے یو آئی کے دھرنے ، سڑکیں بند
کوئٹہ( سٹاف رپورٹر)جمعیت علما اسلام کوئٹہ پی بی 45 کوئٹہ-8 کے 15 پولنگ سٹیشنز پر دوبارہ ووٹنگ میں مبینہ دھاندلی اور رزلٹ کی تبدیلی کے خلاف صوبہ بھر کی طرح کوئٹہ میں بھی احتجاجی مظاہرے کیے گئے ۔
شہر کے تمام داخلی ، خارجی راستے اور قومی شاہراہیں احتجاجا ًبند کر دی گئیں،جے یو آئی کارکنان نے مسلم باغ میں این 50 ہائی وے پر دھرنا دیا جس سے ہائی وے بند ہوگئی اور بلوچستان کی خیبرپختونخوا، پنجاب کے ساتھ آمدورفت معطل ہوگئی ، کوژک ٹاپ پر احتجاجی دھرنے کے باعث کوئٹہ ، چمن شاہراہ بند ہے ۔ قلعہ عبداللہ میں سید حمیدکراس، پشین میں یارو پل پر دھرنا جاری ہے ، لورالائی میں دھرنے سے ڈی جی خان این 70 شاہراہ بند ہوگئی ، اس کے علاوہ بولان میں دھرنے سے این 65 سبی سکھر شاہراہ بند ہے ، بھوانی کے مقام پرجے یو آئی کے احتجاج کے باعث ٹریفک کی آمدورفت معطل ہوگئی ،ضمنی انتخابات کے نتا ئج میں مبینہ تبدیلی کے خلاف جمعیت علما اسلام بلو چستان کی کا ل پر کو ئٹہ چمن شاہرا ہ ، بلیلی ،پشین میں یا رو پل ،قلعہ عبداللہ میں سید حمید کراس ،ضلع چمن میں گڑنگ ، مستونگ میں نواب ہوٹل،اوتھل ،لو را لا ئی میں شنواری ہوٹل کے مقام پر ڈی جی خان روڈ،حب، لسبیلہ،خضدار، آواران ،سوراب، قلات،قلعہ سیف اللہ، زیارت میں پیچی ڈیم روڈو دیگرمقامات پر قومی شاہرا ہوں کو رکاوٹیں کھڑی کر کے اور ٹائر جلا کر ہر قسم کی ٹریفک کے لئے بند کر دیا گیا جس کی وجہ سے قومی شاہراہوں پر گاڑیوں کی طویل قطا ریں لگ گئیں ۔ مسافروں ،ٹرانسپورٹرز اور ڈرائیورز کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔