بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کرانا میرامینڈیٹ نہیں ، ایاز صادق

بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کرانا  میرامینڈیٹ نہیں ، ایاز صادق

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے تحریک انصاف کے بعض رہنمائوں اور اراکین قومی اسمبلی کی طرف سے مذاکرات کے حوالے سے ان کے کردار پر سوالات اٹھانے پر افسوس کا اظہار کیا اور الزام تراشی پر ثبوت مانگ لئے ۔

سپیکر قومی اسمبلی نے بیان میں کہا کہ جو پی ٹی آئی کے اراکین قومی اسمبلی اور رہنما یہ بیانات دے رہے ہیں کہ سپیکر نے عمران خان سے ملاقات کروانے میں کوئی کردار ادا نہیں کیا تو ان پر واضح کردینا چاہتا ہوں کہ حکومت اپوزیشن مذاکرات میں ان کا کردار صرف سہولت کار کا ہے ،ملاقات کروانا نہ ان کا مینڈیٹ ہے اور نہ ہی ذمہ داری۔سپیکر نے کہا کہ اس طرح کے بیانات دینا کہ سپیکر آفس سے رابط کیا گیا انہوں نے مثبت جواب نہیں دیا یہ افسوسناک ہے میرے دروازے سب کے لئے ہر وقت کھلے ہیں اور میں نے کبھی کسی ایم این اے سے ملنے سے انکار نہیں کیا اور یہ سب ریکارڈ پر ہے ۔سپیکر نے واضح کیا کہ سپیکر کے عہدے پر جو پی ٹی آئی کے رہنماء اعتراضات اور سوالات اٹھا رہے ہیں اور وہ چاہتے ہیں کہ میں مذاکراتی عمل سے نکل جاؤں تو وہ اس تجویز پر بھی غور کرنے کے لئے تیار ہیں کیونکہ وہ کسی صورت سپیکر کے منصب کو متنازعہ نہیں بنانا چاہتے ۔بطور سپیکر پارلیمنٹ کی بالادستی اور جمہوری روایات کی پاسداری کرتے ہوئے میں نے سہولت کار کا کردار نبھانے کی پوری کوشش کی ہے ۔سپیکر نے واضح کیا کہ ان کے ملک سے باہر ہونے کا یہ مطلب نہیں ہے کہ وہ میٹنگ کا انتظام نہیں کرسکتے جب حکومت اور اپوزیشن ان سے کہیں گے وہ میٹنگ کا اہتمام کردینگے ۔ سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ میرے بیرون ملک ہونے کا مطلب یہ نہیں کہ میں میٹنگ کا انتظام نہیں کر سکتا، جب حکومت اور اپوزیشن کہے گی تو فوری میٹنگ کا اہتمام کر دوں گا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں