عمران کے طبی معائنے ،بیٹوں سے بات کرانیکی درخواست منظور

عمران کے طبی معائنے ،بیٹوں سے بات کرانیکی درخواست منظور

اسلام آباد، راولپنڈی (اپنے نامہ نگارسے ، خبر نگار )انسداد دہشتگردی عدالت نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کے طبی معائنے اور بیٹوں سے بات کرانے کی درخواست منظور کر لی۔

جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت اڈیالہ جیل میں انسداد دہشتگردی کی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے کی۔ سماعت کے دوران 9 مئی جی ایچ کیو حملہ کیس میں نامزد ایک اور ملزم شہیر سکندر پر فرد جرم عائد کی گئی جس کے بعد کیس میں نامزد 119 میں سے 118 ملزموں پر اب تک فرد جرم عائد ہو چکی ہے ۔عمر ایوب کی جانب سے مقدمے کا ریکارڈ فراہم کرنے کی درخواست دائر کی گئی جبکہ اجمل صابر اور ملک انصر کی جانب سے کیس سے بریت کی درخواستیں بھی دائر کی گئیں، ان تینوں درخواستوں پر آئندہ سماعت پر دلائل دیے جائیں گے ۔دوسری جانب پراسیکیوشن کی جانب سے استدعا کی گئی ہے کہ 13 جنوری کے بعد کیس کی روزانہ کی بنیاد پر سماعت کی جائے جسے عدالت نے منظور کر لیا۔انسداد دہشتگردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے عمران خان کے طبی معائنے اور بیٹوں سے ملاقات کرانے کی درخواست منظور کرتے ہوئے سماعت 13 جنوری تک ملتوی کر دی۔احتساب عدالت کے جج ناصرجاوید رانا کی عدالت نے 190 ملین پاؤنڈ القادر ٹرسٹ ریفرنس میں اشتہاری ملزموں کی جائیدادیں ضبط کرنے کے خلاف درخواستوں میں نیب کی جانب سے جواب جمع کرانے کیلئے مہلت کی استدعا پر سماعت ملتوی کردی۔سماعت 15 جنوری تک ملتوی کردی گئی ،القادر ٹر سٹ کیس میں بانی اور بشری ٰ کیخلاف فیصلہ محفوظ ہے ۔اڈیالہ جیل میں بانی تحریک انصاف اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت کے دوران پانچویں گواہ کا بیان بھی ریکارڈ کرلیا گیا۔ سپیشل جج سینٹرل شاہ رخ ارجمند نے اڈیالہ جیل میں توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت کی، استغاثہ کے ایک اور گواہ طلعت محمود کا بیان ریکارڈ کیا گیا۔مقدمے میں مجموعی طور پر 5 گواہان کا بیان ریکارڈ کیا جاچکا ہے ، جب کہ 3 گواہوں پر جرح بھی مکمل کی جاچکی ہے ۔بعد ازاں اسپیشل جج نے کیس کی مزید سماعت جمعہ 10 جنوری تک ملتوی کر دی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں